لاہور آلودہ شہروں میں پھر سرفہرست، سانس کے امراض سمیت دیگر بیماریوں میں اضافہ

لاہور (کامرس رپورٹر) فضائی معیار خراب ہونے کی وجہ سے لاہور منگل کو بھی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔لاہور کی فضا مضر صحت ہونے کے سبب سموگ کے تدارک کیلئے ٹریفک پولیس کی جانب سے آپریشن کیا گیا۔آپریشن کے نتیجے میں حفاظتی اقدامات نہ کرنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کا شہر میں داخلہ بند کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کوبھی بند کردیا گیا جبکہ رواں ماہ کے دوران دھواں چھوڑنے والی780 گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔دوسری جانب ملک کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کے بعد ملتان دوسرے، اسلام آباد تیسرے، پشاور چوتھے، راولپنڈی پانچویں، ہری پور چھٹے اور کراچی ساتویں نمبر پر ہے۔دوسری طرف ایئر کوالٹی انڈیکس میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے پر دھواں دینے والی گاڑیوں کو مستقل بند کرنا شروع کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق لاہور میں اسموگ پانچواں سیزن بن گیا ہے۔ انتظامیہ کے تمام تر اقدامات کے باوجود اس کی شدت میں کمی واقع نہیں ہو رہی، جس کی بڑی وجہ ساڑھے 13 لاکھ موٹر سائیکلیں اور 16 لاکھ گاڑیاں ہیں جن کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دھواں دینے والی گاڑیاں بند کرنے کے احکامات پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔شہر بھر کی سڑکوں پر دھواں چھوڑتی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں رکشے رواں دواں ہیں جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسموگ کا باعث بنے والی گاڑیوں کے مالکان اپنی گاڑیوں کا انجن ٹھیک کرنے کو تیار نہیں۔محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے سے بہتری کی فضا پیدا ہو رہی ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر ماحولیات مریم اورنگزیب کی ہدایت پر لاہور میں آلودگی پھیلانے والے صنعتی یونٹس کے خلاف بڑا اقدام لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے پر 8 یونٹس کو سیل کر دیا، 2 لاکھ کے جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری برائے ماحولیات نے ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات کے ہمراہ رنگ روڈ، محمود بوٹی، بادامی باغ اور کرول گھاٹی کے علاقوں چھاپے مارے اور 5 یونٹس کو بند کر دیا۔ کنول لیاقت کا کہنا تھا کہ ماحول اور عوامی صحت کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ وزیر اعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ صاف ہوا ہر شہری کا حق ہے اور اس حق کی حفاظت کیلئے وہ محکمہ ماحولیات کیساتھ ملکر ہر ممکن قدم اٹھائیں گی۔دریں اثناءبھارت سے آنے والی سموگ زدہ ہواﺅں کے باعث لاہور کی فضا مضر صحت ہونے لگی،آلودگی کے اعتبار سے صوبائی دارالحکومت لاہور منگل کے روز بھی دنیا میں پہلے نمبر پر رہا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 378ریکارڈ کی گئی ۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے باقاعدہ آغاز سے قبل ہی فضائی آلودگی خطر ناک حد تک بڑھ گئی ہے جوکہ انتہائی نقصان دہ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ فضائی آلودگی کی وجہ سے ہسپتالوں میں آنکھوں اور سانس کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہور ہا ہے۔اگر آلودگی میں کمی نہ ہوئی تو ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے بیڈ کم پڑنے کا خطرہ ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ تمام تعلیمی اداروں کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور بازروں اور مارکیٹوں کا ایک ٹائم فکس کیا جائے۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں مصنوعی بارش برسانے کے بھی مکمل انتظامات کئے جائیں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے اور عوام الناس سے التماس کی جاتی ہے کہ وہ غیر ضروری گھروں سے نکلیں ، ماسک کا استعمال لازمی کریں، کسی بھی قسم کی باقیات کو آگ ہرگز نہ لگائیں۔