معاشی کے بعد آئینی استحکام و قانون کی حکمرانی کیلئے سنگ میل عبور کرلیا،شہباز

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ترقی و خوشحالی اور ملکی حالات کی بہتری کیلئے بہترین فیصلہ کیا، معاشی استحکام کے بعد آئینی استحکام اور قانون کی حکمرانی کیلئے سنگ میل عبور ہوا۔

شہبازشریف نے کہاعوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق ملکی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے محنت جاری رکھیں گے، اتحادی جماعتوں کے سربراہوں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی، رانا ثنا، عطا تارڑ کی کوششوں کو سراہتا ہوں۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا قانون سازی سے پارلیمانی جمہوری نظام عدلیہ کی یرغمالی سے آزاد ہوگا، عدلیہ سیاست کی بجائے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیگی۔