آرٹیکل 63اے پر17 مئی 2022 کا فیصلہ آئین کیخلاف ہے:چیف جسٹس
اسلام آباد:(بیورورپورٹ) سابق صدر ریفرنس لا کر سیاسی بکھیڑے میں پڑے، 17 مئی 2022 کا عدالتی فیصلہ آئین کیخلاف ہے،سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے نظرثانی درخواست کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا گیا۔
تفصیلی فیصلے کے مطابق سپریم کورٹ نے 63 اے کی تشریح کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست منظور کرلی ،اکثریتی ججز کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے،17 مئی 2022 کا عدالتی فیصلہ آئین کیخلاف ہے، اقلیتی ججز کی رائے کو برقرار رکھا جاتا ہے۔
سپریم کورٹ نے کہاآرٹیکل 63 اے پرریفرنس سابق صدر مملکت عارف علوی نے بھیجا لیکن انہوں نے ظاہر نہیں کیا اس وقت وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد آچکی ہے، سابق صدر ریفرنس لا کر سیاسی بکھیڑے میں پڑے۔
فیصلے میں کہا گیا ریفرنس میں اٹھائے گئے سوالات قانونی سوالات کی کسوٹی پر پورے نہیں اترتے کیونکہ سابق صدر نے قانونی سوال کی بجائے اخلاقیات پر رائے مانگی ،نظرثانی 27ماہ بعد سماعت کیلئے مقرر ہوئی، معاملے پر جلد بازی کا الزام بے بنیاد ہے،فیصلہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا جو 23 صفحات پر مشتمل ہے۔



















