اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیر خارجہ وچیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے میرے دروازے پی ٹی آئی کےلئے کھلے ہیں،آئینی ترمیم کیلئے25 اکتوبر ضروری نہ مجبوری ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاحکومت چاہے گی آئینی ترمیم 25اکتوبر سے پہلے ہو، خواہش ہے تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاق رائے قائم ہواور اتفاق رائے سے ترامیم پاس ہو جائیں،آئینی ترمیم کےلئے نہیں چاہیں گے اراکین کی خرید و فروخت کی جائے، پی ٹی آئی کی کوشش ہے جوڈیشری ،اسٹیبلشمنٹ کومتنازع بنایا جائے، تحریک انصاف والے آئینی ترمیم کومتنازع بنانا چاہتے ہیں، الیکشن مہم میں جوڈیشل ریفارمزکا وعدہ کیا تھا، جوڈیشل ریفارمزسے عوام کوفوری انصاف ملے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاقاضی فائزعیسیٰ،جسٹس منصورعلی شاہ کی عزت کرتے ہیں،فضل الرحمن کےساتھ اتفاق رائے چاہتا ہوں اور حکومت سے کہا تھا تحریک انصاف کومثبت سیاست کا موقع دیا جائے، جیسے ہی پارلیمانی کمیٹی بنائی بانی پی ٹی آئی نے متنازع بیان دیا جس سے سیاست میں جوبات چیت کی سپیس تھی وہ کم ہوئی۔
بلاول بھٹو نے کہامیرے دروازے تحریک انصاف کےلئے کھلے ہیں، پی ٹی آئی سے انتخابی نشان واپس لینے میں میرا کوئی تعلق نہیں، تحریک انصاف نے آئین کے مطابق انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرائے تھے، بانی پی ٹی آئی جوڈیشل ریفارمز کو سبوتاڑ کرنا چاہتے ہیں،ملک میں مہنگائی عوام کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، مہنگائی کم ہورہی ہے ،حکومتی پالیسی کی تعریف کرنی چاہیے۔
دروازے PTI کیلئے کھلے ،آئینی ترمیم کیلئے25 اکتوبر ضروری نہ مجبوری ،بلاول
















