سروسز ہسپتال، مریضوں کو آپریشن کیلئے 2، 2 سال بعد کی تاریخیں ،صوبائی وزیر صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
لاہور (میاں ساجد) سروسزہسپتال لاہور میں مریضوں کی خواری ہونا معمول بن گیا، شدید تکلیف میں مبتلا مریضوں کو 2۔ 2 سال کی آپریشن کی لمبی تاریخیں، تکلیف میں مبتلا مریضوں کیلئے وبال جان بن گئیں۔ وزیر صحت خواجہ سلمان کی کارکردگی پر کئی سوالات اٹھنے لگے۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں سے ناروا سلوک ہٹ دھرمی سے جاری، آوٹ ڈور وارڈوں میں تکلیف میں مبتلا مریضوں کو آپریشن کی لمبی تاریخوں نے نیا پنڈور بکس کھول دیا۔ ہسپتال میں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز کویہ بھی علم نہیں کہ کون سے مہینہ اور ڈیٹ ڈالنی ہے اور مریض کس تکلیف سے دوچار ہے، مریضوں سے برا سلوک ایک مثال بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق سروسز ہسپتال لاہور میں پتے کے مرض میں مبتلا مریضہ کو سرجیکل میڈیکل یونٹ ون کے پی جی آر ڈاکٹر اسداللہ کی مہر کے ساتھ 29 مئی 2026 کا وقت دیکر اس کی تکلیف کا مذاق اڑ ادیا۔مین ڈسٹی بیوٹر روزنامہ مشرق حاجی ارشد کی بیگم پتے کی مرض میں مبتلا ہیں ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ان کا آپریٹ ہونا لازم و ملزوم ہے اور وہ شدید تکلیف بھی ہیں لیکن انہیں میڈیکل یونٹ ون سے دو سال کے بعد آپریشن کا وقت ملنا غیر ذمہ دارانہ رویہ جس پر ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر کی سرزنش ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سسکتے بلکتے مریضوں سے صوبائی درالحکومت کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایسا سلوک ہونا روایت کا حصہ جس پر کوئی بھی نوٹس نہیں لیا جاتا، ایڈمنسٹریٹر عہدوں پر برا جمان میڈیکل سپرنٹنڈنس صاحبان کی بہبود مریضاں کے حوالہ سے کوئی توجہ نہ ہونا پنجاب حکومت کی کارکردگی پر بہت بڑا قدغن ہے۔ لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں آپریشن اور دیگر ٹیسٹوں کیلئے مریضوں کو نہ صرف پریشان کیا جاتا ہے بلکہ لمی لمبی تاریخیں دے کے انہیں ذہنی مریض بنا دیا جاتا ہے۔ سرکاری ہسپتالوںمیں موجودہ صورتحال میں مریضوں کو خوار کیا جانا روزانہ کی معمول ہے جس کا آج تک کوئی بھی سد باب نہ ہونا بے حسی کی جیتی جاگتی مثال ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں نصب ایم آر آئی اور الٹرا ساونڈ مشینوں کی خرابی کی بھی کئی شکایات ہیں جس کا آج تک کوئی حل نہیں نکلا۔ کراہتے سسکتے مریضوں کو رات کے وقت الٹرا ساونڈ اور ایم آئی آر کے ٹیسٹوں کیلئے سرکاری ہسپتالوں میں کوئی سہولت میسر نہ ہونا افسوس ناک امر ہے ۔دوسری طرف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر عبدل مدبر ریحان نے مین ڈسٹری بیوٹر روزنامہ ”مشرق“ حاجی ارشد کی بیگم کو دوسال کی آپریشن کے وقت دینے پر نوٹس لیتے ہوئے روزنامہ ”مشرق“ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس غلطی کے ازالہ کیلئے باقاعدہ انکوائری کمیٹی بنائی جائیگی۔ ڈیوٹی پر موجود ایسے غیر ذمہ داروں کی ضرور باز پرس ہو گی اور شکایت کا فوری ازالہ کیا جائیگا۔



















