شمالی وزیرستان ، جھڑپ،لیفٹیننٹ کرنل اور 5 جوان وطن پر قربان، 6 خوارج ہلاک

راولپنڈی،اسلام آباد(بیورورپورٹ)شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز ،دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور 5 سپاہی شہید ہوگئے ، کارروائی میں6 خوارج بھی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کےخلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کارروائی کی گئی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل علی شوکت سمیت 6 جوان شہید ہو گئے ،شہدامیں لیفٹیننٹ کرنل علی شوکت،نائیک محمداللہ، لانس نائیک اخترزمان،لانس نائیک شاہداللہ،لانس نائیک یوسف علی اورسپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔

43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل علی شوکت شہیدکا تعلق فیصل آباد سے ہے، سوگواروں میں اہلیہ ،3بیٹے چھوڑے، 30 سالہ لانس نائیک اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے، پاک فوج میں 13 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا،اہلیہ غمگسار چھوڑی،30 سالہ لانس نائیک اختر زمان شہید کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے،10 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دیا، اہلیہ سوگوار چھوڑی،29 سالہ لانس نائیک شاہد اللہ شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے،7 سال پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں،سوگواروں میں اہلیہ چھوڑی۔

31 سالہ لانس نائیک یوسف علی شہید کا تعلق لوئر اورکزئی سے ہے،11 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا،غمگساروں میں اہلیہ چھوڑی،26 سالہ سپاہی جمیل احمد شہید کا تعلق ضلع سوات سے ہے،5سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں،اہلیہ سوگوار چھوڑی۔

ترجمان پاک فوج نے کہالیفٹیننٹ کرنل علی شوکت خوارج کےخلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے،فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ،سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دریں اثناصدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے خوارج دہشتگردوں کےخلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیاں دیں، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے،ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے پر عزم ہیں،شہدا نے جان دےکر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا