جے شنکر کو ریاست مخالف احتجاج میں شرکت کی دعوت ملک دشمنی کا آخری لیول ہے،عظمیٰ بخاری

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے بھارتی وزیر خارجہ کو ریاست مخالف احتجاج میں شرکت کی دعوت دینا ملک دشمنی کا آخری لیول ہے،دیکھتے ہیں اسرائیلی مددگاروں کو احتجاج کی دعوت کب ملتی ہے؟، تحریک انصاف کے ڈی این اے میں پاکستان مخالف جراثیم دوڑتے ہیں، فتنہ پارٹی کے ریاست مخالف احتجاج میں افغان شہریوں کی شرکت کئی سوالات کھڑے کر رہی ہے

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاپی ٹی آئی میں ملکی وقار،ملکی سالمیت اور خود مختاری جیسی سوچ دور تک موجود نہیں، اسلام آباد سے بڑی تعداد میں فتنہ پارٹی کے احتجاج میں شریک افغان شہریوں کی گرفتاری پی ٹی آئی کے عزائم بے نقاب کرتی ہے، اڈیالہ جیل کے قیدی نے قسم کھائی ہے پاکستان میں امن اور خوشحالی قائم نہیں رہنے دینی، فتنے کےلئے اسرائیلی، افغانی اور بھارتی لابیاں مرے جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا پنجاب کے عوام باشعور اور عقلمند ہیں اسی لیے پنجاب کے لوگوں نے اڈیالہ جیل کے قیدی کا بیانیہ مسترد کر دیا، خیبر پختونخوا کے عوام کے حالات قابل رحم ہیں ان کےلئے دعا گو ہیں وہ جلد فتنے کی حقیقت دیکھیں۔