رینجرز،فوج طلب،پی ٹی آئی احتجاج کی کال واپس لے،کوئی ہتھے چڑھا توچھوڑیں گے نہیں،وزیر داخلہ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر داخلہ محسن نقوی نے وارننگ دیتے ہوئے کہاہے پی ٹی آئی ڈی چوک پر احتجاج کی کال واپس لے،کوئی ہتھے چڑھا توچھوڑیں گے نہیں پھر شکوہ نہ کرنا،غیر ملکی سربراہ کی اسلام آباد میں موجودگی پراحتجاج نامناسب ہے،کسی کو اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دیں گے،کوئی مظاہرہ کرےگا تو نرمی نہیں برتی جائے گی،رینجرز،فوج کو طلب کرلیا،ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

محسن نقوی نے کہاوقت اسلام آباد کی انتظامیہ کےلئے حساس ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان میں ہیں ، سعودی عرب کا اعلیٰ سطحی وفد،چینی صدر آنےوالے ہیں،ایس سی او کانفرنس بھی ہونی ہے ، 17 اکتوبر کو چینی صدر کی واپسی ہے ،سکیورٹی انتظامات ضروری ہیں،پی ٹی آئی کو کہتے ہیں سیاست ضرور کریں لیکن ایسے وقت پر نہ کریں جب کسی دوسرے ملک کا سربراہ پاکستان میں موجود ہو،اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے، قانون کے تحت جلسے کی جگہ مختص ہے ،درخواست دیکر اجازت لیکر ضرور جلسہ کریں۔

وزیر داخلہ نے کہا احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن ملکی بدنامی کی قیمت پر سیاست مت کریں ، ملائیشین وزیراعظم کے دورے کے دوران چھوٹا سا واقعہ ہو جائے تو خمیازہ ساری زندگی بھگتیں گے، وزیراعلیٰ کے پی کے سمجھدار اور اچھے پاکستانی ہیں ،اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے ،نمٹنے کیلئے پوری تیار ی کرلی پھر کسی کو شکوہ نہیں ہونا چاہیے، پاکستان میں کتنے سالوں بعد مملکت کے سربراہان آرہے ہیں ،سب کو سمجھداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا،عوام بھی پہلے پاکستان پھر پارٹی کا مفاد دیکھیں،ایس سی او کانفرنس خیر خیریت سے ہوگی ،محسن نقوی نے کہا فضل الرحمن سے دیرینہ تعلق ،اکثر و بیشتر ملاقات ہوتی رہتی ہے،ملائیشین وزیراعظم کی پاکستان میں موجودگی کے دوران اسلام آباد پر دھاوا ہر صورت روکیں گے۔