لندن (مشرق نیوز) پاکستان سمیت بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی سپر سٹار ماہرہ خان نے اپنے شوہر سلیم کریم کو رومانوی ہیرو قرار دے دیا۔ حال ہی میں لندن میں پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سب سے بڑے ایوارڈ شو کی تقریب کا انعقاد ہوا تھا جس میں فلم، ڈرامہ، میوزک اور فیشن انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں نے شرکت کی تھی۔ اس ایوارڈ شو کی تقریب میں ماہرہ خان نے اپنے شوہر سلیم کریم کے ہمراہ شرکت کی تھی جہاں میزبان نے ماہرہ خان سے انوکھا سوال پوچھا۔ میزبان نے اداکارہ سے پوچھا کہ شاہ رخ خان، فواد خان، ہمایوں سعید اور آپ کے شوہر سلیم کریم میں سے کون سب سے زیادہ رومانوی ہیں؟ اس سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے کہا کہ شاہ رخ خان، فواد خان اور ہمایوں سعید کو میرے ساتھ رومانس کیلئے سکرپٹ کی ضرورت ہوتی ہے لیکن میرے شوہر سلیم کریم کو کسی سکرپٹ کی ضرورت نہیں۔ ماہرہ خان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے میرے شوہر سلیم کریم، ان تینوں سٹارز سے زیادہ رومانوی ہیں۔ اداکارہ کا جواب سن کر تقریب میں موجود شرکا نے تالیاں بجائیں اور ماہرہ خان کو خوب سراہا۔
میرے شوہر سلیم، شاہ رخ، فواد اور ہمایوں سے زیادہ رومانوی ہیں: ماہر ہ خان


















