کمرشل علاقوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رکھا جائے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن نے واجبات کی وصولی کا عمل تیز کردیا ہے اور موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کنورژن اور بلڈنگ فیس کی مد میں 6کروڑ49لاکھ روپے کی ریکارڈریکوری کی۔ یہ بات کمشنر آفس میں منعقدہ پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں میونسپل آفیسر پلاننگ جاوید انور گوندل نے بتائی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن خالد محمود گیلانی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمدسمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2024-25 کے پہلے 3ماہ میں کنورژن فیس کی مد میں 6کروڑ 15لاکھ روپے اور بلڈنگ فیس میں 34 لاکھ روپے وصول کئے گئے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پلاننگ برانچ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر میں ان تمام کمرشل عمارات کے مالکان کو نوٹس جاری کئے جائیں جنہوں نے بجلی کے پولز سڑک کی حدود میں نصب کروا رکھے ہیں۔ انہوں نے گرلز کالج روڈ اور فتح شیر روڈ پر تعمیر ہونے والی تمام کمرشل عمارات کا سروے کرانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر کے کمرشل علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مہم بھی جاری ہے جس پر کمشنر نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائی جاری رکھی جائے اور مستقل تجاوزات کو بھی گرایا جائے۔دریں اثناءساہیوال بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحان2024کے پارٹ ون(فرسٹ ایئر) کے نتائج کا اعلان کردیا جس کے تحت 39855 طلبہ وطالبات نے امتحان میں شرکت کی جس میں سے20323پاس ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 51 فیصد رہا۔ کمشنر ساہیوال/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر میں رزلٹ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 36619طلبہ و طالبات نے ریگولر جبکہ3239نے پرائیویٹ امتحان میں شرکت کی جن میں بالترتیب 19465 اور858طلبہ وطالبات کامیاب قرار پائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس امتحان میں 22689طالبات اور 17166طلبہ نے شرکت کی۔ رزلٹ کے اعلان کے موقع پر سیکرٹری بورڈ را¶ علی ریاض، ڈپٹی سیکرٹری ارشد، اسسٹنٹ کنٹرولر رمضان انجم اورسسٹم اینالسٹ محمد رفیق بھی موجود تھے۔ رزلٹ کے مطابق ضلع پاکپتن سے پاس ہونے والے طلبہ و طالبات کی شرح 52.75 فیصد، ضلع اوکاڑہ سے51.36فیصد اور ضلع ساہیوال سے 49.6 فیصد رہی۔