لاہور :(ایجوکیشن رپورٹر)وائس چانسلرز کی تعیناتی پرپنجاب حکومت،گورنر میں ٹھن گئی۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وائس چانسلرز کےلئے بھیجی گئی تمام 13 سمریاں مسترد کر دیں، گورنر پنجاب نے تمام سمریاں مسترد کرنے کی وجوہات بھی صوبائی حکومت کو ارسال کردیں۔
پنجاب حکومت نے گزشتہ روز 7 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرریاں کی تھیں، صوبائی حکومت نے 14 روز کی مقررہ مدت مکمل ہونے کا جواز بنا کر تقرریاں کیں۔
گورنر ہاوس ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت وائس چانسلر کےلئے 3 نام تجویز کرسکتی ہے، کسی کی سفارش نہیں کرسکتی، 6 یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی تقرری کےلئے بھیجی گئی سمریوں کی 14 روزہ مدت مکمل نہیں ہوئی، وائس چانسلر تقرر کرنے کا اختیار گورنر کو حاصل ہے، وزیراعلیٰ کی جانب سے پینل بھیجا جاسکتا ہے، سلیکشن نہیں کی جاسکتی، ابھی 14 سے زائد یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری بھی باقی ہے، کسی بھی یونیورسٹی میں میرٹ سے ہٹ کر وائس چانسلر کی تقرری نہیں ہوگی،دوسری جانب وزیراعلیٰ ہاوس کے ذرائع نے کہا گورنر کا کام صرف دستخط کرنا ہے، سمری واپس نہیں بھیج سکتے، وائس چانسلر کا تقرر وزیراعلیٰ کی منظوری سے قانون کے مطابق ہے۔
وائس چانسلرز کی تعیناتی ،پنجاب حکومت،گورنر میں ٹھن گئی،تمام 13 سمریاں مسترد


















