پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج

اسلام آباد،لاہور :(بیورورپورٹ) پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا،چودھری احتشام الحق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میںاستدعا کی گئی ترمیمی آرڈیننس کو آئین سے متصادم ،تمام اقدامات کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا آرڈیننس کا اجراءپارلیمانی جمہوریت کےخلاف ہے، سپریم کورٹ بھی قرار دے چکی آرڈیننس صرف ہنگامی حالات میں ہی جاری ہوسکتا،درخواست گزار کی جانب سے عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی درخواست پر فیصلے تک پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس کو معطل کیا جائے۔

علاوہ ازیں لاہور ہائیکور ٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کےخلاف درخواست کی سماعت عدالتی کاز لسٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے نہیں ہو سکی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی کاز لسٹ منسوخ کردی گئی ۔