پنجاب حکومت اور گورنر میں معاملات طے، 7 جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی، نوٹیفکیشن جاری

لاہور (حافظ عثمان رندھاوا) پنجاب حکومت کو آخر کار پنجاب کی یونیورسٹیوں پر ترس آ ہی گیا، حکومت نے 7 جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔اطلاعات کے مطابق پنجاب حکومت اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے درمیان جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی کے حوالے سے معاملات طے پاگئے ہیں جس کے بعد گورنر پنجاب / چانسلر کی منظوری کے بعد تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف پنجاب ، پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال کو وائس چانسلر بہاو¿الدین زکریا یونیورسٹی ملتان ، پروفیسر ڈاکٹر عامر اعظم کو وائس چانسلر خواجہ فرید یونیورسٹی رحیم یار خان ، پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور ، پروفیسر ڈاکٹر عنائت اللہ خان کو وائس چانسلر یو ای ٹی ٹیکسلا ، پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کو وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور اور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر احمد شجاع کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات تعینات کردیا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے گورنر پنجاب / چانسلر کی منظوری کے بعد تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے یاد رہے کہ عرصہ دراز سے پنجاب کے متعدد یونیورسٹیاں وائس چانسلر سے محروم تھیں، ایڈیشنل چارج کے طور پر کام چلایا جا رہا تھا۔