لاہور/ اسلام آباد/ کراچی/ پشاور/ کوئٹہ (ایجوکیشن رپورٹر+ بیورو رپورٹ) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلہ کیلئے امتحان کا انعقاد ہوا، ایم ڈی کیٹ کا امتحان 30 شہروں اور 2 بین الاقوامی مراکز میں منعقد ہوا، کراچی میں ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کے لیک پرچے کو ڈا یونیورسٹی نے جعلی قرار دیدیا۔ ایم ڈی کیٹ کے امتحان میں شفافیت کو بر قرار رکھنے کےلئے دفعہ 144 نافذ رہی جبکہ پنجاب میںامتحانی مراکز کی 500 میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رکھی گئیں۔ملک بھر کے ایک لاکھ 67 ہزار 77 امیدواروں نے 18 ہزار سے زائد نشستوں کیلئے امتحان دیا۔ پنجاب میں ایم ڈی کیٹ کا 12شہروں میں قائم کردہ 26 مراکز میں امتحان لیا گیا۔ ایم ڈی کیٹ امتحان میں 259 بین الاقوامی طلبہ نے بھی رجسٹریشن کرائی۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کے ہمراہ امتحانی مراکز کے دورے کئے۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود نے پنجاب یونیورسٹی،ایجوکیشن یونیورسٹی اور کینٹ امتحانی مراکز کا دورہ کر کے امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے طے شدہ پروٹوکولز کے مطابق انتظامات کا جائزہ لیا۔ کراچی میں ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کے لیک پرچے کو ڈا یونیورسٹی نے جعلی قرار دیدیا۔ ترجمان ڈا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے کہا کہ پرچہ لیک ہونا ممکن ہی نہیں، سوشل میڈیا پر ایم ڈی کیٹ کا لیک ہونے والا وائرل پرچہ جعلی ہے، ڈا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے پیپر لیک کی روک تھام کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ دوسری جانب کئی شہروں میں منتظمین کی جانب سے طلبہ کے ہمراہ آنے والوں کے بیٹھنے اور پینے کے پانی کی فراہمی تک کے انتظامات نہ کئے گئے۔ ایم ڈی کیٹ کا پرچہ 200 سوالات پر مشتمل ہے جس میں سے 68 سوالات حیاتیات (بیالوجی )،54 علم کیمیا(کیمسٹری)، 54 علم طبیعات (فزکس)اور 18 سوالات انگریزی (انگلش)کے مضمون کے شامل تھے۔
آزاد کشمیر، گلگت سمیت چاروں صوبوں میں ایم ڈی کیٹ کا امتحان، دفعہ 144 نافذ رہی


















