شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ سڑکوں پر ریٹ مٹی یا دیگر میٹریل کو فوری اٹھایا جائے تاکہ ٹریفک کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، مال منڈی چوک سے مشن چوک تک سیوریج لائن کی صفائی کی جائے۔ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس سڑکوں کے درمیان ریڑھی بانوں اور رکشوں کو کھڑا نہ ہونے دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈی جی پی ایچ اے ملک محمد اکرام، اے سی جنرل رائے فیصل عمران، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ شہر میں بجلی کھمبوں سے بینرز، فلیکسز کو اتارا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھال روڈ کی ڈرینج لیکج کو درست کیا جائے اور اس مسئلہ کا مستقل حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی سٹریٹ پر ٹف ٹائل کے کام کو جلد مکمل کیا جائے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے پلانٹیشن کی جائے۔