کراچی (مشرق نیوز) نام نہاد آل راونڈر افتخار احمد نے خود کو ’ٹیل اینڈر‘ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ ساتویں، آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرنے والا آل راﺅنڈر یا مڈل آرڈر بیٹر نہیں ہوتا، وہ تو چوتھے یا پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے 34 سالہ آل راﺅنڈر افتخار احمد 98 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے باوجود خود کو نہیں منوا سکے،66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں انہوں نے ایک ہزار رنز بھی مکمل نہیں کیے اور 998 تک ہی پہنچے ہیں۔افتخار کو آل راﺅنڈر کہا جاتا ہے مگر بولنگ کا موقع کم ملنے کے سبب ٹی ٹوئنٹی میں وکٹوں کی تعداد محض8 ہے،ایسے میں اب انہوں نے خود کو ٹیل اینڈر قرار دے دیا۔چیمپئنز ون ڈے کپ میں وہ وولوز کے سکواڈ کا حصہ ہیں اور محمد رضوان کی زیر قیادت کھیلیں گے، میڈیا سے بات چیت کے دوران افتخار احمد نے کہا کہ میں مڈل نہیں بلکہ لوئر آرڈر بیٹر ہوں، میں خود کو آل راﺅنڈر بھی نہیں سمجھتا بلکہ ایک ٹیل اینڈر ہوں، آپ دیکھیں کہ میں ساتویں یا آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتا ہوں جبکہ دنیا بھر میں آل راﺅنڈرز اور مڈل آرڈر بیٹرز چوتھے یا پانچویں نمبر پر کھیلتے ہیں۔یاد رہے کہ افتخار احمد پاکستان ٹیم کی نمائندگی کے دوران مختلف پوزیشنز پر کھیلتے رہے، انھوں نے آخری انٹرنیشنل میچ حالیہ ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف کھیلا جس میں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کی۔اپنے ٹی 20 انٹرنیشنل کیریئر کے دوران افتخار نے اب تک 55 اننگز کھیلی ہیں، ان میں سے 25 مرتبہ پانچویں، 11 بار ساتویں، 10 مرتبہ چھٹے اور باقی چوتھے اور آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کی۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں افتخار نے اپنی 24 میں سے 16 اننگز چھٹے نمبر پر کھیلی ہیں، ٹیسٹ فارمیٹ میں وہ چھٹے اور ایک بار ساتویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آئے۔
نام نہاد آل راونڈرافتخار خود کو ٹیل اینڈر کہنے لگے

















