اڈیالہ کے قیدی کا ایجنڈا ملک کو بڑے حادثے سے دوچار کرنا ہے:عظمیٰ بخاری

لاہور:(اپنے رپورٹر سے )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے فتنہ پارٹی مریم نواز کے بغض اور تعصب کا شکار ہے،پی ٹی آئی والے ایک مہینے سے جلسے جلسے کا راگ الاپ رہے ہیںلیکن پاس فنڈز ہیں نہ بندے نہ سہولت کاری ہے، معلوم ہے جلسے، جلوس اور دھرنے پی ٹی آئی کا کاروبار ہے، دھرنا پارٹی اب فتنہ پارٹی میں تبدیل ہو چکی جو اداروں کےخلاف آپ لوگوں نے جلسے میں زہر اگلنا ہے وہ روزانہ بیانات اور پریس کانفرنس میں بھی اگل رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا فتنہ پارٹی مریم نواز کے بغض اور تعصب کا شکار ہے،اب ہیڈ لائنز میں جگہ بنانے کےلئے بھی مریم نواز کا نام لینا پڑتا ہے، اڈیالہ جیل کے قیدی کا ایجنڈا ملک کوبڑے حادثے سے دوچار کرنا ہے،عوام اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اپنے اصل دشمن کو پہچانیں،یہ شخص جیل سے نکلنے کےلئے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا فتنہ پارٹی پنجاب میں انتشار، نفرت اور جلا ﺅگھیراﺅ کی ترغیب دے گی تو ریاستی مشینری حرکت میں آئے گی، توشہ خانہ اور ملکی خزانے کے چوروں کو اب کچے کے ڈاکوﺅں کی بھی فکر ہو رہی ہے، مریم نواز توشہ خانہ کے چوروں کو بھی لگام ڈالیں گی اور کچے کے ڈاکوﺅں کو بھی انجام تک پہنچائیں گی۔