اسلام آباد میں بغیراجازت جلسے پر 3سال قید،سینٹ میں بل منظور،اپوزیشن کاشدید احتجاج

اسلام آباد :(بیورورپورٹ)اسلام آباد میں بغیراجازت جلسے پر 3سال قید،اپوزیشن کے شدید احتجاج میںسینٹ نے بل منظور کرلیا۔

چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینٹ اجلاس ہوا ،اسلام آباد میں مخصوص جگہ پر پرامن جلسے جلوس کے انعقاد کا بل پیش کیا گیا، سینیٹر عرفان صدیقی نے بل پیش کیا ،پی ٹی آئی کی جانب سے مخالفت کی گئی۔

سینیٹر علی ظفر نے بل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں ایک جلسہ ہونے جارہا ہے، اسے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہم اس چیز کو ریگولیٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، آپ جہاں چاہیں جلسہ کریں، ہم تو انہیں سہولت دے رہے ہیں، ہمارا اور کوئی مقصد نہیں، چاہتے ہیں لاکھوں لوگوں کے حقوق پامال نہ ہوں۔

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا رولز ہاو¿س نے بنائے ہیں، جب سے ہاوس معرض وجود میں آیا تو رولز ریلکس ہوتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف سینٹ شبلی فراز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا آپ اپنی اتھارٹی کا غلط استعمال کررہے ہیں، یہ قانون آپ کے گلے پڑے گا، جب کرکٹ ٹیمیں آتی ہیں، تب بھی شہر کو محصور کردیا جاتا ہے، اس بل پر آپ کی بدنیتی واضح ہوچکی ہے،چیئرمین سینٹ نے کہا جس دن بل آیا تھا، اس دن بھی بحث ہوئی ۔

سینیٹر عرفان صدیقی کی طرف سے پر امن اجتماع و امن عامہ بل 2024 کی تحریک پیش کردی گئی، ایوان نے تحریک کثرت رائے سے منظور کر لی،بعد ازاں اسلام آباد میں امن اجتماع و امن عامہ بل 2024 پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

شہادت اعوان اور سینیٹر سیف ابڑو کے درمیان پھر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، چیئرمین نے سینٹ اجلاس میں 15 منٹ کا وقفہ کردیا،چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدار ت سینٹ اجلاس وقفہ کے بعد دوبارہ شروع ہوا تو اعظم نذیر تارڑ نے کہا سینیٹر شہادت اعوان اور سینیٹر سیف ابڑو میں صلح کرادی گئی، دونوں ممبران ایک دوسرے سے گلے ملے۔

سینٹ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نجکاری کمیشن ترمیمی بل پیش کیا اور ایوان کو بتایا بل قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا ،بعدازاںسینٹ اجلاس کے دوران عبدالعلیم خان کی جانب سے پیش کیے جانیوالے نجکاری کمیشن ترمیمی بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ٹیلی کمیونی کیشن ایپلٹ کورٹ بل پیش کرتے ہوئے بتایا بل قومی اسمبلی سے منظور ہو چکا ،سینٹ کی جانب سے ٹیلی کمیونی کیشن ایپلٹ کورٹ بل بھی کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔