اسلام آباد:(بیورورپورٹ)طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست مسترد، غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے گرفتار کرکے پیش کرنے کاحکم دےدیا۔
سول جج شائستہ خان کنڈی نے کیس پر سماعت کی،جج نے پوچھا ملزم کہاں ، صبح سے 3 مرتبہ کیس کال ہوا لیکن ملزم ابھی تک پیش نہیں ہوا، معاون وکیل عطا برکی نے کہاپشاور میں سیلاب کی صورت حال ہے،جج نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا گزشتہ سماعت پر جو انڈر ٹیکنگ دیا وہ آپ کو یاد ہے۔
وکیل ظہور الحسن نے کہا علی امین گنڈا پور کی طبیعت ناساز ہے ،میڈیکل رپورٹ جمع کرائی جا رہی ہے، عدالت نے کہامعاون وکیل کہہ رہے ہیں سیلاب کی صورتحال ہے جبکہ آپ کہہ رہے ہیں طبیعت ناساز ہے،جج شائستہ خان کنڈی نے کہا آپ کو پچھلی سماعت پر بھی ریلیف دیا ، وکیل ظہور الحسن راجہ نے کہا 5 کیسز تھے ابھی فری ہو کر عدالت میں پیش ہوا ہوں ، بریت کی درخواست التوا میں ہے۔
جج نے کہاسپریم کورٹ کی ججمنٹ موجود ہے کیس آخری مراحل میں ہو تو بریت کی طرف نہیں جانا بلکہ میرٹ پر فیصلہ کرنا ہے،8ویں مرتبہ 342 کا بیان ریکارڈ نہیں ہوا پھر کہتے ہیں شفا ف ٹرائل کا حق نہیں ملتا،وکیل نے کہا یہ زیادتی ہے، ملزم ایک صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں، آپ سخت آرڈر کر رہے ہیں، جج نے کہا اگر کیس میں کچھ نہیں تو بہادر بنیں اور عدالت کا سامنا کریں،بعدازاںڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین گنڈا پور کی طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ بہارہ کہو کو علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری تھانہ بھارہ کہو پولیس کو مل گئے،وزیراعلیٰ ہاﺅس کو آگاہ کردیا گیا،اسلام آباد پولیس نے علی امین گنڈاپور کے وکلا کو بھی وارنٹ گرفتاری کی کاپی فراہم کردی۔
دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج مقدمے میں علی امین گنڈا پور کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی،وزیراعلیٰ کی جانب سے راجہ ظہور الحسن پیش ہوئے اور میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہاگنڈا پور کی طبیعت ناساز ہے ،پیش نہیں ہوسکتے،ڈاکٹر نے ایک ہفتہ آرام کا مشورہ دیا، خیبرپختونخوا میں سیلاب آیا ہوا ہے، وزیر اعلیٰ کے پی سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے دورے پر تھے، اچانک پاو¿ں سلپ ہوا ،ٹانگ میں تکلیف ہے، عدالت سے استدعا ہے سماعت ملتوی کی جائے،بعدازاں عدالت نے وزیراعلیٰ کے پی کے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کردی۔
اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ،گرفتارکرکے پیش کرنے کاحکم


















