عمران خان کی ممکنہ ملٹری ٹرائل روکنے کی درخواست پراعتراضات عائد

اسلام آباد،کراچی :(بیورورپورٹ) رجسٹرار آفس اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی ممکنہ ملٹری ٹرائل روکنے کی درخواست پر اعتراضات عائد کردئیے،9 مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی نے ملٹری کورٹ ٹرائل کیلئے فوجی تحویل میں نہ دینے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ۔

رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرتے ہوئے کہا کسی مخصوص ایف آئی آر کا حوالہ دیے بغیر عمومی ریلیف کیسے مانگا جا سکتا ہے؟ درخواست کے ساتھ کوئی آرڈر یا دستاویز نہیں لگائی گئی،رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا پنجاب کے مقدمات پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے، ملٹری کورٹس کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیرالتواءہوتے ہوئے ہائیکورٹ میں درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے؟، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی عمران خان کو فوجی تحویل میں دینے سے روکا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ سابق وزیراعظم سویلین عدالتوں اور سویلین تحویل میں رہیں۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر بیانات نشر کرنے پر پابندی کیس میں 2 رکنی بنچ نے معاملہ دوبارہ سنگل بنچ کو بھجوا دیا جبکہ عدالت نے تقریر نشر کرنے سے متعلق پابندی کےخلاف درخواست پر اپیل نمٹادی۔