شہر میں بارشی پانی کی نکاسی کا کام تیز کیا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ شہر کی مرکز ی شاہراہ جی ٹی روڈ سمیت تمام سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کے بعد مٹی کو بھی صاف کیا جائے، غلہ منڈی کے سیوریج مسائل کا مستقل بنیادوں پر حل نکالا جائے، کالج روڈ سے بارش کے پانی کی نکاسی کویقینی بنایا جائے، آڑاتلہ روڈ پر اضافی میٹریل اٹھایا جائے اور صفائی کو یقینی بنایا جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے واجبات ریکوری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری کاروائیوں کو بلاتفریق جاری رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پسپ منصوبوں پر کھدائی کی گئی جگہوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے بعد کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور اس کیلئے تمام منصوبوں پر لیبر اور مشینری کی تعداد بڑھائی جائے۔