حکومتی وعدے پورے نہ ہوئے، 1280 ایڈہاک خصوصی افراد کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور

لاہور (رپورٹ : میاں ساجد) 1280 ایڈہاک خصوصی افراد نظر انداز، در بدری اور کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور، پنجاب حکومت اپنے وعدے سے مکرگئی، دھرنا کو ختم مذکرات کی میز پر کیا لیکن ایک وعدہ بھی وفا نہ ہونا حکومت کی سوچی سمجھی ترکیب ہے جس کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ پنجاب پوٹھوہار بلائنڈ یونین کے عہدیداران نے حکومت پنجاب کو الٹی میٹم دیدیا، 8 ستمبر تک مطالبات حل نہ ہوئے تودمادم مست قلندر ہو گا۔ صوبائی وزیر محکمہ سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ ڈائریکٹر جنرل آمنہ منیر اور دیگر افسران کی طرف سے 17 اپریل2024 لاہور پریس کلب کے سامنے دھرنا ختم کروا کر ایک مطالبہ بھی پورا نہ کرنا ظلم کی داستان ہے ۔ صدر پوٹھوہار بلائنڈ یونین نبیل ستی اور جنرل سیکرٹری رانا فیاض کی روزنامہ مشرق سے خصوصی گفتگو ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کا ہم خصوصی افراد کے ساتھ ناروا سلوک اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے حقیقی مطالبات کو پنجاب حکومت نے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا ہے نہ الاونس بڑھاوا ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی نہ ہمارے سے کئے وعدوں کو حتمی شکل دی گئی نہ ہمیں محکمانہ طور پر ہمیں آگاہ کیا گیا کہ آپ کے مطالبات کو تسلیم کر لیا گیا ہے 17 اپریل2024 دھرنا کے خاتمہ پر صوبائی وزیر محکمہ سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ اور ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر آمنہ منیر اور دیگر ذمہ دران نے ہمارے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا تھا کہ آپ کے ایڈہاک ملازمین کو مستقل بھی کیا جائے گا اور آپ کو دئیے جانے والے الاونس میں اضافہ بھی کیا جائے گا ۔ لیکن تاحال نہ تو ہمارے مطالبات حل ہوئے ہیں نہ ہمیں کسی محکمہ نے کال کی ہے پہلے ہمارے اہم مطالبہ میں پنجاب بھر سے تعلق رکھنے والے خصوصی افراد کی تعداد521 ہے جن کو حکو متی نمائندگان نے مستقل کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ کہ ان کو مستقل کر دیاجائیگا لیکن حکومت سے سوال چنا اور اس کا جواب گندم مل گیا ہے۔ جس کا 8 ستمبرکو بھر پور جواب دیا جائے گا محکمہ سوشل ویلفیئر کی ہٹ دھرمی کا اس بات سے اندازہ لگاجا سکتا ہے کہ ہمارے خصوصی افراد کی کوئی سمری بھی کابینہ تک نہیں پہنچی ۔زبانی جمع خرچ تک ہمیں ٹرخایا گیا ہے ۔ صدر پوٹھوہار بلائنڈ یونین نبیل ستی اور جنرل سیکرٹری رانا فیاض نے مزید کہا کہ ہمارے 521 ایڈہاک ملازمین جو در بدر بھی ہیں اور بے روز گار ی اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو کر رہ گے ہیں ان کو ہنگامی بنیادوں پر مستقل کرکے حکومت روزگار کے مواقع سے مستفید کرے ۔ دیگر ممالک میں خصوصی افراد کی عزت اور حقیقی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کیا جاتا ہے لیکن ہمارے ملک میں ہم خصوصی افراد کو نہ صرف ذلیل کیا جاتا ہے بلکہ ظلم و ستم کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے ۔ اب پوٹھوہار بلائنڈ یونین نے حکومت پنجاب کو 8 ستمبر تک کی آخری تاریخ دے دی ہے دھرنا بھی ہوگا اور مطالبات کو تسلیم کروانے پر یونین عہدیدران ایڑی چوٹی کا زور بھی لگائیں گے۔ ہماری جانب سے پنجاب بھر کے خصوصی افراد کو 8 ستمبر کے دھرنا کی کال موصول ہو گی ۔