لاہور ( ہیلتھ رپورٹر) آنکھیں خدا کا انمول تحفہ اس نعمت کا خیال رکھنا اہمیت کا حامل ہے، آنکھوں سے متعلق کوئی بھی علامت محسوس ہو تو اسے معمولی نہ سمجھتے ہوئے فوری ماہر امراض چشم سے اپنا چیک اپ کرواکر کسی بڑے خطرے سے بچیں۔ نظر کی دھندلاہٹ،ا ٓج کل بیشتر افراد گھنٹوں گھر یا دفتر میں کمپیوٹرز یا کسی بھی طرح کی سکرین کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں جس کے نتیجے میں ا ٓنکھیں جلنا یا دھندلانے لگتی ہیں، اب اسے ڈیجیٹل آئی اسٹرین کا نام بھی دیا گیا ہے، جس کا حل نہ نکالنے پر بینائی تیزی سے کمزور ہونے لگتی ہے، اگر آپ کو اس علامت کا سامنا ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا آپ کی اولین ذمہ داری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل آفتھالمالوجی میوہسپتال لاہور پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر معین کی روزنامہ مشرق سے خصوصی گفتگو ۔ ان کا کہنا تھا کہ نظر نہ آنا یا چیزیں زیادہ نظر آنا ،بینائی میں کسی بھی قسم کی تبدیلی خطرے کی گھنٹی ہوتی ہے جس کیلئے فوری ردعمل ظاہر کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، خاص طور پر اگر بینائی اچانک غائب ہوجائے، ایک چیز دو یا زیادہ نظر آنے لگے ، چیزیں کچھ لمحوں کیلئے ا ٓنکھوں کے سامنے سے ہٹ جائیں تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کرنی چاہئے کیونکہ اکثر یہ فالج کی پہلی علامت ہوتی ہے۔گہرے حلقے آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے اکثر افراد کے پڑ جاتے ہیں جس کی وجہ عام طور پر نیند کی کمی ہوتی ہے۔ یعنی رات گئے تک جاگنا اور جلد اٹھ جانا ا ٓنکھوں کے گرد حلقوں کا باعث بن جاتا ہے، تاہم اگر یہ حلقے مناسب نیند لینے کے باوجود ختم نہ ہو تو یہ دیگر طبی مسائل کا اشارہ ہوسکتے ہیں۔ پرنسپل آفتھالمالوجی میو ہسپتال لاہور پرو وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پرو فیسر معین نے مزید کہا کہ یہ تھائی رائیڈ (بے نالی غدود) یا خون کی کمی جیسے امراض کی علامت بھی ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر آپ مناسب نیند لیتے ہیں مگر پھر بھی خود کو تھکاوٹ کا شکار محسوس کرتے ہیں یہ تھائی رائیڈ یا خون کی کمی کی علامت ہوسکتی ہے، ایسے حالات میں اپنے ڈاکٹر سے رجوع کرکے ان دونوں کیفیات کا ٹیسٹ ضرور کروائیں۔آنکھوں میں پیلاہٹ،اگر آپ کی آنکھوں کا سفید حصہ زرد یا پیلاہٹ زدہ نظر آنے لگے تو یہ جان لیوا جگر کے امراض کی ممکنہ علامت ہوسکتی ہے جسے کسی صورت نظرانداز نہیں کرنا چاہئے میرے مشاہد کے مطابق آنکھوں کی یہ رنگت ہیپاٹائٹس، جگر کے صحیح سے کام نہ کرنے یا دیگر امراض کے باعث بھی ہوسکتی ہیں۔ ایسی صورت میں ڈاکٹر سے فوری رجوع کرنا چاہئے کیونکہ ضروری نہیں کہ جگر کے امراض نے اپ کو شکار کیا ہو، تاہم ایسا ہوا بھی ہے تو ابتدائی سطح پر ہی ان پر زیادہ موثر طریقے سے قابو پایا جاسکتا ہے۔ا ٓنکھوں میں سرخی،اگر آپ کی آنکھیں بہت سرخ یا ان میں سرخ لکیریں سی بن گئی ہوں تو پہلی فرصت میں ڈاکٹر کے پاس پہنچ جائیں کیونکہ یہ سنگین امراض جیسے کہ آشوب چشم، پپوٹوں کی سوزش۔ آنکھ کے پردے کے ورم اور کسی قسم کے موتیا کی جانب اشارہ بھی ہوسکتی ہے۔ تاہم کچھ کم سنگین وجوہات بھی ہوتی ہیں۔مثال کے طورپر آٹھ گھنٹے تک کمپیوٹرز پر کام کرنے سے آنکھوں میں درد کے باعث سرخ لکیریں بن سکتی ہیں اور اس صورت میں آنکھوں کا معائنہ کروانا بہتر رہتا ہے کیونکہ یہ بینائی کی کمزوری کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں پرنسپل آفتھالمالوجی میو ہسپتال لاہور پروفیسر معین نے بتاتے ہوئے کہا کہ آنکھوں سے متعلق اکثر افراد لاپروائی کرتے ہیں جو کسی بھی بڑے خطرے کی علامت ہو سکتی ہے ۔
آنکھوں کے طبی معائنے سے لاپرواہی بڑے خطرے کا باعث بن سکتی ہے :پروفیسر معین


















