اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہاہے ستمبر میں آئی ایم ایف معاہدے کیلئے پرامید ہیں ،ماضی کی طرح شور مچایا جارہا ہے منظوری نہیں ہوگی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اورنگزیب نے کہاپاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کے 37 ماہ میں 3 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسگ درکار، رواں سال2 ارب ڈالر کی بیرونی فناسنگ کی ضرورت ہے،ایس بی اے کے وقت بھی شور مچایا گیا آئی ایم ایف منظوری نہیں دے گا اور اب بھی ایسے ہی شور مچایا جارہا ہے سٹاف لیول معاہدے کی منظوری نہیں ہوگی،پرامید ہیں ستمبر میں آئی ایم ایف بورڈ منظوری دے گا۔
وزیر خزانہ نے کہا آئی ایم ایف سے ہر دوسرے روز بات چیت ہورہی ہے،تاجروں سے ٹیکس وصولی کیلئے پرعزم ہیں،ٹیکس لےکر سہولتیں بھی فراہم کریں گے،چین، سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات کا ردعمل مثبت ہے، دوست ممالک اپنے ایگزیکٹو ڈائریکٹرزکے ذریعے آئی ایم ایف کواعتماد میں لیں گے،کمرشل بینکوں سے فنڈز کی فراہمی کیلئے مثبت بات چیت ہوئی ،بین الاقومی ایجنسیوں کی جانب سے ریٹنگ بہتر ہونے سے کمرشل بینکوں کا ردعمل مثبت ہے۔
دریں اثنا حکومت نے آئی ایم ا یف شرائط پوری کرنے کیلئے متبادل ذرائع تلاش کرنا شروع کردئیے ،وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اورنگزیب نے دبئی اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) سے آن لائن ملاقات کی،پاکستان خلیجی ملکوں کے بینکوں سے 4 ارب ڈالرزکے کمرشل قرضے حاصل کرنا چاہتا ہے، اورنگزیب کی دبئی اسلامک بینک سمیت مشرق وسطی کے بینکوں سے پاکستان میں 4ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری پر بات چیت جاری ہے،پاکستان کو رواں مالی سال 26.4 ارب ڈالرزواپس کرنے ہیں۔
مزید برآں ترکیہ کے پیگاسز ایئرلائنز کے چیئرپرسن مہمت ٹی نان سے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ اورنگزیب نے کہاترکیہ کےساتھ ہوا بازی کے شعبے میں تعاون دوطرفہ تعلقات کا اہم حصہ اورپاکستان کی ہوابازی کی صنعت کوترقی دینے کیلئے وزیر اعظم ویژن کے عین مطابق ہے،پاکستان اپنی ایوی ایشن انڈسٹری کو آگے بڑھانے کےلئے ترکیہ کے تجربے و مہار ت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
معاہدے کیلئے پرامید ،دوست ممالک آئی ایم ایف کواعتماد میں لیں گے،وزیر خزانہ



















