9مئی مقدمات ، بشریٰ کی ضمانت درخواستوں پرتفتیشی ٹیموں کونوٹس

لاہور،اسلام آباد:(کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)خصوصی عدالت نے 9 مئی مقدمات میں بشریٰ کی ضمانت درخواستوں پر تفتیشی ٹیموں کو نوٹس جاری کردئیے۔

لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے درخواستوں کی سماعت کی، بشریٰ کی 12 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 12 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت جج کی موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہوگئیں،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی عبدالرزاق نے تمام درخواستیں متعلقہ عدالت بھجوا دیں،تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی ٹیموں کو نوٹس جاری کرکے ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔

ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق خاتون اول بشریٰ کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر کی جانب سے تحریری حکم نامہ جاری کیا گیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا بشریٰ کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر عائد اعتراضات دور کیے جاتے ہیں،عدالتی حکم میں مزید کہا گیا درخواست گزار وکیل کے مطابق گرفتاری کا معاملہ فوری حل کا متقاضی ہے، چیف جسٹس درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کر سکتے ہیں۔