پارلیمانی عمل میں نوجوانوں کی شمولیت ملکی مفاد کےلئے بہت ضروری ہے:چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارلیمانی عمل میں نوجوانوں کی شمولیت نہ صرف اہم اقدام بلکہ ملکی مفاد کےلئے بہت ضروری ہے، پاکستان کی 64فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہیں،سینیٹ انٹرنشپ پروگرام نوجوان کو پارلیمانی عمل سے منسلک کرنے کیلئے ایک منظم راستہ فراہم کرے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے جمعرات کو سمر انٹرن شپ پروگرام اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سینیٹ سمر انٹرنشپ پروگرام کی تکمیل کے موقع پر اس تقریب سے خطاب کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ ایوان بالاءاس کی کمیٹیوں اور سیکرٹریٹ میں نمایاں کارکردگی پر میں آپ سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمانی عمل میں نوجوانوں کی شمولیت نہ صرف اہم اقدام بلکہ ملکی مفاد کےلئے بہت ضروری ہے۔ پاکستان کی 64فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو ملک کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں میں سماجی و معاشرتی تبدیلی کو آگے بڑھانے کی صلاحیت بہت زیادہ ہے۔ نوجوان نسل کو ملک کے جمہوری عمل میں شامل کر نے سے اداروں کو تقویت ملتی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قانون سازی کے ایوانوں میں نوجوانوں کی شرکت کا رجحان دنیا بھر میں فروغ پا رہا ہے۔ قانون سازی کے عمل میں نوجوانوں کی شمولیت ملک کےلئے فائدہ مند ثابت ہوتی ہے اور یہ اس بات کو بھی یقینی بناتی ہے کہ حکومتی پالیسیاں نوجوان کی امنگوں کی عکاس ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی طور پر نوجوانوں نے سیاسی نظام کی تشکیل اور سماجی تبدیلی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو تسلیم کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خود کو قومی تعمیر کیلئے تیار کریں۔ نوجوان مستقبل کے معمار ہیں۔ نوجوانوں کی مہارتوں اور صلاحیتوں کو ملکی مفاد کے استعمال میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سینیٹ انٹرنشپ پروگرام نوجوان کو پارلیمانی عمل سے منسلک کرنے کیلئے ایک منظم راستہ فراہم کرے گا۔ نوجوانوں نے انٹرنشپ پروگرام سے قانون سازی کے طریقہ کار، پالیسی سازی، او ر دفتری امور سے متعلق نمایاں آگاہی حاصل کی۔ نوجوانوں کا پارلیمنٹ ہاﺅس میں کام کا تجربہ ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ثابت ہوگا۔ نوجوانوں کو نا صرف پارلیمنٹیرین کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا بلکہ ایوان بالاءکے اعلیٰ حکام کے تجربے سے بھی مستفید ہوئے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم سب آپ کے روشن مستقبل کےلئے دعاگو ہیں۔امید ہے آپ سب اپنی محنت اورقابلیت کی بدولت ملک کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ سیکرٹریٹ کی کاوشوں کو سراہا اور ایوان بالاکے اعلیٰ حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔