ہنیہ کی تہران میں نماز جنازہ ادا،ایرانی سپریم لیڈر نے اسرائیل پر حملے کاحکم دےدیا

تہران،دوحہ،تل ابیب،نیویارک:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)حماس کے شہید سربراہ اسماعیل ہنیہ کی تہران میں نماز جنازہ ادا،تدفین دوحہ میں ہوگی،خطے میں نئی جنگ کاخطرہ،ایرانی سپریم لیڈر نے اسرائیل پر براہ راست حملے کاحکم دےدیا۔

اسماعیل ہنیہ کی نمازہ جنازہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے پڑھائی ،خواتین ،بچوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی،شرکا نے اسماعیل ہنیہ کی تصویر اور فلسطین کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے ،جنازے کو ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی جیسا پروٹوکول دیا گیا،اسماعیل ہنیہ کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں سپرد خاک کیا جائے گا،نماز جنازہ جمعہ کے بعد امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں ادا کی جائے گی ،تدفین لوسیل کے قبرستان میں ہوگی۔

ادھر ایرانی سپریم لیڈر نے اسرائیل پر براہ راست حملے کا حکم دےدیا، امریکی میڈیا کے مطابق خامنہ ای نے ہنگامی اجلاس میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر جوابی کارروائی کا حکم دیا،واضح نہیں ایران کس قدر طاقت کے ساتھ جواب دے گا، ایرانی فوج تل ابیب اور حیفہ کے قریب فوجی اہداف کو نشانہ بنانے پر غور کر رہی ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر نے کہا شہید اسماعیل ہنیہ پوری دنیا میں فلسطینی عوام کی آواز تھے،قتل کا جواب صحیح وقت اور صحیح جگہ پر ہوگا،مہمان کو ہماری سر زمین پر نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے حماس کے فوجی سربراہ ضیف کوبھی فضائی حملے میں شہید کرنے کادعویٰ کردیا،اسرائیلی فوج نے کہاحماس عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے سربراہ اور 7 اکتوبر کو ملکی سرزمین پر حملے کے ماسٹر مائنڈ ضیف کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا ،انٹیلی جنس کی جانچ پڑتال کے بعد تصدیق کی جا سکتی ہے ضیف 13 جولائی کو خان یونس میں کمپاﺅنڈ پر فضائی حملے میں زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گئے،صیہونی فوج نے کہا ضیف اسرائیلی سرزمین پر 7 اکتوبر کو ہونے والے حماس حملوں کے منصوبہ سازوں میں سب سے اہم تھے۔

دوسری جانب حماس نے اپنے سپریم کمانڈر الضیف ابراہیم المصری کے قتل کی تردید کرتے ہوئے کہا اسرائیلی کوششیں ناکام ثابت ہوئیں، کمانڈر نہ صرف خیریت سے ہیں بلکہ صیہونی ریاست کےخلاف کارروائیوں کی براہ راست نگرانی بھی کر رہے ہیں۔

دریں اثنا اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد پہلا خطاب کرتے ہوئے کہا اپنے دشمنوں کو عبرتناک جواب دےدیا، اسرائیل غزہ میں جاری جنگ بندی کے دباو¿ میں آجاتا تو کبھی بھی حماس رہنماو¿ں و دیگر ہزاروں دہشت گردوں کو ختم نہیں کرسکتا تھا،نیتن یاہو نے کہا آنےوالے دن چیلنجنگ ہیں، اسرائیل اپنی بقا کی جنگ لڑ رہا ہے،ملک پر حملہ کرنےوالوں کو نہیں چھوڑیں گے،کسی بھی جارحیت کا بھرپور طاقت سے جواب دیاجائےگا، شہریوں کو مشکل دنوں کا سامنا ہوگا لیکن اسرائیل ہر طرح کی صورتحال کےلئے تیار ہے

مزید برآںایران کی درخواست پر بلائے گئے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں الجزائر، چین ،روس نے حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

ایرانی سفیر نے سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی تیزی سے کشیدہ صورتحال پر تقریر کرتے ہوئے اسرائیلی حملے کی مذمت اور صیہونی ریاست پر پابندیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہااسرائیل مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کا باعث بن رہا ہے، صیہونی ریاست ہر بین الاقوامی قانون، سرحدوں کے احترام اور انسانی حقوق کی پاسداری سے خود کو بالا تر سمجھتا ہے۔

چین ،روس کے سفیروں نے اسماعیل ہنیہ کے میزائل حملے میں قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور امن مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا،الجزائر کے سفیر نے کہا وقت آگیا اسرائیل کو لگام دی جائے ورنہ دنیا میں کبھی نہ ختم ہونے والی جنگ شروع ہوجائے گی۔

نائب اسرائیلی سفیر جوناتھن ملر نے جوابی تقریر میں ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا سلامتی کونسل علاقائی دہشتگردی کی حمایت پر ایران پر پابندیاں لگائے،اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے اسرائیل پر حملہ کرنے والوں کو بھرپور طاقت کے ساتھ جواب دیں گے،برطانیہ ،امریکہ نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ختم کرنے کےلئے اسرائیل ،حماس امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا ،جاپانی سفیر نے خدشہ ظاہر کیا مشرق وسطیٰ جنگ کے دہانے پر پہنچ گیا۔