گندم ذخائر کو نقصان پہنچانے والے رعایت کے مستحق نہیں ،سخت کارروائی ہوگی،وزیراعظم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاسکو میں مبینہ گندم سکینڈل کا نوٹس،وزیراعظم نے سابق ایم ڈی پاسکو کیپٹن (ر) سعید سمیت دیگر افسروں کےخلاف مجرمانہ غفلت کی کارروائی اور گندم کا سراغ لگانے کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کو پاسکو میں کرپشن انکوائریز ایک ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

شہبازشریف نے کہا2022کے سیلاب میں گندم ذخائر کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، چوری کی انکوائری رپورٹ 2ہفتوں میں پیش کی جائے،وزارت غذائی تحفظ اور خزانہ پاسکو کے تمام امور آو¿ٹ سورس کرنے پر جامع رپورٹ پیش کرے،تحقیقات کی جائےں سرکاری سبسڈی کے مکمل اثرات عوام تک کیوں نہیں پہنچے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کےلئے کابینہ کمیٹی بنا دی،کابینہ کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے،سیکرٹری وزارت اوورسیز کے مطابق کابینہ کمیٹی میں وفاقی وزرا برائے اوورسیز پاکستانی، تعلیم، خارجہ امور،داخلہ، صحت، صنعت و پیداوار اور تجارت شامل ہوں گے،ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر، سٹیٹ بینک کے گورنر، نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ایچ ای سی کے چیئرمین بھی کمیٹی کاحصہ ہیں۔

مزید برآںوزیراعظم شہباز شریف نے چیئر مین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں پرتمام تر ضروری اقدامات اٹھانے اورجانی و مالی نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی،شہبازشریف نے کہا زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولیات، متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بشمول ادویات و دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔