دولت مشترکہ عالمی شراکت داری کے فروغ کا اہم فورم ہے: سردار ایاز صادق

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے ملاقات کی جس میں دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دولت مشترکہ عالمی شراکت داری کے فروغ کا اہم فورم ہے۔ رکن ممالک میں پارلیمانی، اقتصادی و سماجی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پارلیمنٹ کو مزید فعال بنانے کیلئے بطور سپیکر بہت سے اقدام کئے۔قانون سازی میں سپورٹ کیلئے لیجسلیٹو ڈرافٹنگ کونسل کا قیام عمل میں لائے۔سپیکر نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس ، ایس ڈی جیز ٹاسک فورس ، بچوں کیلئے انٹرن شپ پروگرام ان اقدامات کا حصہ ہیں۔ملاقات میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) بالخصوص قانون سازی کے شعبے میں اسکے استعمال کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے دولت مشترکہ کے قانون سازی کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے اقدامات بالخصوص دولت مشترکہ کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس اکیڈمی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی دولت مشترکہ میں شامل ممالک میں تعاون کے فروغ کیلئے کوششیں لائق تحسین ہیں۔دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دولت مشترکہ کو ہمیشہ اہمیت دی۔عالمی مسائل کے حل کیلئے دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مابین قریبی تعاون وقت کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی میں موجود پارلیمانی فورمز کے سربراہان ، اراکین اسمبلی اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے سربراہ نے بھی شرکت کی۔