ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں 114 طلبہ کی ریسکیو سکاﺅٹس سمر کیمپ میں تربیت مکمل

لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے کمیونٹی سیفٹی ونگ کے زیر اہتمام ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ریسکیو سکاﺅٹس سمر کیمپ میں مختلف سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے 114 طلباءکو لائف سیور اور ریسکیو سکاﺅٹس کی ٹریننگ دی گئی۔ ریسکیو سکاﺅٹس کو سی پی آر اور خون بہنے پر قابو پانے، ابتدائی طبی امداد، فائر سیفٹی، روڈ سیفٹی، صحت و صفائی اور کلین اینڈ گرین پاکستان جیسی ضروری جان بچانے والی مہارتوں کی تربیت بذریعہ پریکٹیکل دی گئی۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایک ہفتے کے تربیتی کورس کے اختتامی روز عملی مشقوں کا مشاہدہ کیا اور طلباءکے ساتھ شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے ریسکیو سکاﺅٹس سمر کیمپ کی کامیاب تکمیل پر شرکاءکو مبارکباد دی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو سکاﺅٹس کیمپ کے شرکاءسے وعدہ لیا کہ وہ موٹرسائیکل ہمیشہ50کلو میٹر فی گھنٹہ سے کم کی رفتارسے انتہائی بائیں لین میں چلائیں گے تاکہ سڑک پر ٹریفک حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر 1.25 منٹ میں ایک ٹریفک حادثہ رونما ہوتا ہے اورٹریفک حادثے کے متاثرین میں83 فیصد سے زائد موٹرسائیکل کے حادثات کے متاثرین ہوتے ہیں ۔ انہوں نے طلباءکو اپنے علاقوں میں کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں کا حصہ بننے اورلوگوں کی زندگیاں بچانے اور محفوظ معاشرے کے قیام کیلئے عملی تربیت حاصل کرنے پر زور دیا۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے ہیڈ آف کمیونٹی سیفٹی اینڈ انفارمیشن محترمہ دیبا شہناز،سمر کیمپ کی ٹیم اور طلباءکے ساتھ شجر کاری مہم میں بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور طلباءنے ریسکیو اسکاﺅٹس سمر کیمپ کے دوران سیکھی جان بچانے والی مہارتوں کا عملی مشاہدہ بھی کیا۔قبل ازیں،شعبہ کمیونٹی سیفٹی اینڈ انفارمیشن کی سربراہ محترمہ دیبا شہناز نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو آگاہ کیا کہ ریسکیو اسکاﺅٹس سمر کیمپ میں کل 114 طلباءنے شرکت کی جنہیں کمیونٹی انسٹرکٹرز نے مختلف ماڈیولز پر پریکٹیکل سیشنز کے ذریعے تربیت دی جس میں سی پی آر ، جان بچانے کی ضروری مہارت اور بلیڈنگ کنٹرول، فرسٹ ایڈ، فائر سیفٹی، روڈ سیفٹی، صحت اور حفظان صحت اور کلین اینڈ گرین پاکستان کی عملی مہارتیں شامل ہیں ۔کیمپ کے شرکاءکو اونچائی سے بچاﺅ اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں قائم سیمولیٹر پر اگاہی کے ساتھ تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 55 ریسکیو اسکاﺅٹس کو پچھلے بیچوں میں تربیت دی گئی تھی اور 114 کو موجودہ ٹریننگ بیچ میں تربیت دی گئی تھی۔ وہ اس سمر کیمپ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام کمیونٹی انسٹرکٹرز کی کاوشوں کو سراہتی ہیں اور سمر کیمپ کی کامیاب تکمیل پر تمام شرکاءکو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ آخر میں ریسکیو سکاﺅٹس کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔