ججز بھی قابل احتساب ،انصاف میں تاخیر ناانصافی ہے:چیف جسٹس

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) ملک کے دیگر اداروں کی طرح ججز بھی قابل احتساب ،معقول وقت کے اندر فیصلے جاری کرنا انصاف کی فراہمی ،انصاف میں تاخیر ناانصافی ہے،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 تنازع کیس میں اضافی نوٹ جاری کردیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نوٹ میں لکھا اچھی پریکٹس و قانون کا تقاضا ہے سماعت مکمل کرکے فوری فیصلہ جاری کیا جائے، 6دسمبر 2023 کو سماعت مکمل کرکے فیصلہ لکھنے کیلئے جسٹس اطہر من اللہ کو معاملہ بھیجا گیا لیکن فیصلہ لکھنے میں 6ماہ یعنی 223قیمتی دن لگ گئے

چیف جسٹس نے کہا جسٹس اطہر من اللہ نے 18 جولائی کو معاملہ میری طرف بھیجا ،میں نے 19 جولائی کو ہی نوٹ لکھ دیا، بطور چیف جسٹس میرا اپنے ساتھی ججز کو کیسز کے جلد فیصلے کرنے کی یادہانی نہ کرانا اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں غفلت کے مترادف ہے،سپریم کورٹ نے عدالتوں کو خاص ٹائم فریم میں فیصلہ دینے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں، قابل افسوس ہوگا سپریم کورٹ جلد فیصلہ سنانے کے اصول کا اطلاق خود پر نہ کرے،چیف جسٹس نے کہااکثر حوالہ دیا جاتا ہے انصاف میں تاخیر ناانصافی ہے، آئین جلد انصاف کا تقاضا کرتا ہے، ججز اپنے آپ کو جوابدہ ہیں، ججز کو احتیاط ،تندہی سے مقدمات کا فیصلہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے،ہر صوبے کی ہائی کورٹ مکمل آزاد ہے۔