افغانیوں کی پاکستان دشمنی،جرمنی میں قونصل خانے پر حملہ، توڑپھوڑ، پرچم کی بے حرمتی،سفیر کی طلبی،احتجاج

فرینکفرٹ،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)افغانیوں کی پاکستان دشمنی،قونصل خانے پر دھاوا،توڑ پھوڑ،پرچم کی بے حرمتی،جرمن سفیر کی دفتر خارجہ طلبی،شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میںافغان شہریوں نے احتجاج کے دوران پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولا، پتھراو کیا ،پاکستانی پرچم اتار کر جلانے کی ناپاک جسارت بھی کی گئی،افغانستان کاجھنڈا لہرادیا،پاکستانی قونصل خانے پر چڑھائی کرنےوالے افغان شہریوں نے افغان پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔

حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی،غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمن حکام نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد متعدد افراد کو گرفتارکرلیا،سفارتی حکام نے معاملہ اٹھایا توجرمن حکام کی جانب سے پوری تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ادھر پاکستان نے انتہا پسند گروہ کی جانب سے کیے گئے حملے اور جرمن حکام کی طرف سے قونصل مشن کے احاطے کے تقدس و سلامتی کے تحفظ میں ناکامی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاواقعہ میں قونصل خانے ،سفارتی عملے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ویانا کنونشن برائے قونصلر تعلقات 1963 کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے قونصلر احاطے کے تقدس کی حفاظت کرے اور سفارتکاروں کی سلامتی کو یقینی بنائے،جرمن حکومت ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا اور پاکستانی سفارتی مشنزو عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کےلئے فوری اقدامات کرے،واقعہ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار اورسکیورٹی خامیوں کے ذمہ دار افراد کو جوابدہ ٹھہرایاجائے۔

علاوہ ازیں جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے شرپسندوں کی طرف سے پاکستانی سفارتخانے میں توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہوئے کہاحکام کےساتھ رابطے میں ہیں تاکہ ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو اور شرپسندوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے،کمیونٹی صبر اور پرسکون رہے۔

دریں اثنا پاکستان نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر افغان شہریوں کے حملے پر جرمن سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا،دفتر خارجہ نے کہاجرمن سفیر کو شدید تحفظات سے آگاہ کیا ۔

دوسری جانب وفاقی وزیر امیر مقام نے پاکستانی قونصل خانے پرافغان شہریوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے شرپسند عناصر کا پاکستان کے پرچم کو اتارنا ناقابل برداشت ہے، جرمن حکومت فوری کارروائی کرے،واقعہ کے بعد مہاجرین کی پالیسی کا جائزہ لینا ہوگا،قومی پرچم کی توہین کرنےوالوں کےلئے دل میں کوئی جگہ ہے نہ پاکستانی ایسے عناصر کو معاف کریں گے،بیرون ملک مقیم پاکستانی مذموم عناصر کے خلاف قومی جذبے سے تحریک چلائیں۔