بچہ بچہ قرض دار ، عوام کھڑے ہو جائیں تو حکومت گھٹنے ٹیک دے گی: مفتی تقی عثمانی

کراچی:(بیورورپورٹ) معروف اسلامی سکالر اور شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی نے کہا ہے آئی ایم ایف کے غلام،بچہ بچہ قرض دار ،عوام کھڑے ہو جائیں تو حکومت گھٹنے ٹیک دے گی، ہر الیکشن میں دھاندلی کی باتیں ہوتی ہیں۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی نے کہا زندگی کے ہر شعبے میں مغرب کو آئیڈیل بنا لیا گیا،کون سی قدرتی دولت پاس موجود نہیں؟ آج تک جھیل سیف الملوک کے راستے کو پکا نہیں کر سکے، سوال ہے غلطی کہاں ہوئی، جڑ کہاں ہے؟ آئی ایم ایف کے غلام ،بچہ بچہ قرض دار ہے، ہم آئی ایم ایف کے بغیر نہیں چل سکتے، ان حالات میں سیاسی نظام کے ذریعے اسلامی نظام کا لانا مجھے مشکل لگتا ہے، دنیا میں انقلاب صرف حکومت کے ذریعے نہیں آتے، عوام کے ذریعے آتے ہیں۔

نامور اسلامی سکالر نے کہا اصل بات یہ ہے سیاسی نظام میں غلام ہیں، آزاد نہیں، معاشرے کے مختلف طبقات جمع ہوں اور غلامی سے نکلنے کا راستہ نکالیں۔

مفتی تقی عثمانی نے کہا ملت کے تمام لوگ زکوٰة ادا کریں گے تو غربت کا خاتمہ ہو جائےگا اب ساری دنیا میں اسلامک بینکنگ فروغ پا رہی ہے، گروتھ ریٹ زیادہ ہے،طریقہ کار کو طے کر لیا جائے، ہر اسلامک بینک کےساتھ علما منسلک ہوتے ہیں جو اس پر چیک رکھتے ہیں، سٹیٹ بینک میں بھی شریعہ آڈٹ کرنے کا ڈیپارٹمنٹ ہے، اسلامک بینکنگ میں سود سے کم پیسے ملتے ہیں،اسلامی نظام لانے کا کام مرحلہ وار ہوگا۔