اسلام آباد:(بیورورپورٹ) ڈیجیٹلائزیشن کے اثرات،4ماہ کے دوران ٹیکس ریفنڈ میں 800 ارب کافراڈ پکڑا گیا،وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ملک کے دولت مند اور سرمایہ دار طبقے کے 49 لاکھ افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور غریب طبقے پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آرمیں اصلاحات اور ڈیجیٹائز یشن پر 4 گھنٹے طویل اہم جائزہ اجلاس ہوا ،ان لینڈ ریونیو اور کسٹمز میں اصلاحات پربریفنگ دی گئی اور ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن سے8 ہفتوں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیاگیا۔
شہبازشریف نے کہا 4 مہینوں میں ٹیکس ریفنڈ میں 800 ارب روپے کا فراڈ پکڑا گیا ،ٹیکس ریفنڈ کا نظام مزید بہتر بنائیں گے، ایف بی آر میں اصلاحات سے محصولات میں اضافہ ممکن ہے، اصلاحات کے حوالے سے ایف بی آر کے کئی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر انتہائی افسوس ناک ہے، سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر کی جانب سے بریفنگ میں کہا گیا مختلف عدالتوں اور ٹریبیونلز میں ٹیکس کے حوالے سے 3.2 کھرب روپے کے 83 ہزار 579 مقدمات زیر التوا ہیں، موجودہ حکومت کے اب تک کے دور میں ٹیکس مقدمات کے حل کےلئے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا پچھلے 4 مہینوں کے دوران مختلف عدالتوں کی جانب سے تقریباً 44 ارب روپے کے 63 مقدمات نمٹا دئیے گئے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکس دینے کی استطاعت رکھنے والے 49 لاکھ افراد کی نشان دہی کی گئی۔
،وزیراعظم نے ایف بی آر حکام کو ہدایت دی 49 لاکھ افراد میں دولت مند اور سرمایہ دار کو ترجیحی بنیادوں پر ٹیکس نیٹ میں لایا جائے اور غریب طبقے پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے، ٹیکس مقدمات کو جلد نمٹانے کےلئے ایپلٹ ٹربیونلز کی تعداد 100 تک بڑھانے اور کسٹمز مقدمات پربھی ایپلٹ ٹربیونلز کی تعداد بڑھائی جائے۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے جنریشن ان لمیٹڈ سیکرٹریٹ قائم کرنے کی منظوری دےدی،ذرائع کے مطابق یوتھ پروگرام کو کامیاب اور مزید موثر بنانے کیلئے سیکرٹریٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، وزیراعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، اقوام متحدہ کی 3 ایجنسیوں پرمشتمل جنریشن ان لمیٹڈ سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ،جنریشن ان لمیٹڈ سیکرٹریٹ کو مجموعی طور پر 23 ٹاسک تفویض کر دیئے گئے، چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام جنریشن ان لمیٹڈ سیکرٹریٹ کے سربراہ ہوں گے، سیکرٹریٹ حکومت، اقوام متحدہ، نجی شعبہ اور سول سوسائٹی سے رابطہ بھی کرے گا۔
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے صوبوں سے متعلق مالی معاملات سمیت دیگر امور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس پیر کو طلب کرلیا، وزیراعظم کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں یوتھ پالیسی اور کھیلوں کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوگا،صوبوں کے مالی معاملات بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کے اثرات، 800 ارب کافراڈ پکڑاگیا،وزیراعظم


















