ایڈہاک ججز نامنظور،کراچی بار کاملک گیر تحریک چلانے کااعلان

کراچی،پشاور:(بیورورپورٹ)کراچی،پشاور بار نے ایڈہاک ججز کی تقرری مسترد کردی ،جنرل سیکرٹری کراچی بار اختیارعلی چنا نے ملک گیر تحریک چلانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ریٹائرڈ ججز کی ایڈہاک بنیادوں پر تقرری قومی عدلیہ پالیسی کی خلاف ورزی ہے،سپریم کورٹ کی جانب سے الجہاد ٹرسٹ کیس میں دی گئی ہدایات پر عمل کیا جائے، آئین کا آرٹیکل 179 ریٹائر ہونے کی عمر 65 سال بتاتا ہے۔

جنرل سیکرٹری کراچی بار اختیارعلی چنا نے کہا تقرریاں بڑے پیمانے پر عدلیہ و معاشرے کے تانے بانے کو متاثر کریں گی، چیف جسٹس نے ریٹائرمنٹ سے 2 ماہ قبل سپریم کورٹ میں ایڈہاک تقرریوں کےلئے سمری بھیجی ، ہائی کورٹس سے تمام سینئر ججوں کو سپریم کورٹ میں تعینات کیا جائے۔

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ایڈہاک ججز کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے ہائیکورٹ ججز کی حق تلفی قرار دےدیا،پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ردعمل دیتے ہوئے کہاایڈہاک ججز تعیناتی کو مسترد کرتے ہیں، سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی ہائیکورٹ ججز کی حق تلفی ہے۔

جنرل سیکرٹری عالم خان ادینزئی ایڈوکیٹ نے کہا آرٹیکل 182 کے تحت ایڈہاک ججز اس وقت تعینات ہوسکتے ہیں جب بہت زیادہ ضرورت ہو، اس وقت ایسی کوئی ضرورت نہیں ریٹائرڈ ججز کو دوبارہ تعینات کیا جائے،چیف جسٹس آئین و قانون کے مطابق ہائیکورٹ کے سینئر ججز یا سینئر وکلا کو سپریم کورٹ ججز تعینات کریں، عدالتی بحران ملک کو تباہی کی طرف لے جا سکتا ہے۔