راولپنڈی ، پشاور:(بیورورپورٹ)پشاور میں مطلوب کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3دہشتگردجہنم واصل، فائرنگ کے تبادلے میں خیبرپختونخوا پولیس کے 2 افسروں سمیت 4جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 10 جولائی کو انتہائی مطلوب دہشتگرد کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز ،پولیس نے ضلع پشاور کے حسن خیل کے عمومی علاقے میں مشترکہ انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا،شدید فائرنگ کے تبادلے میں مطلوب دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ۔
دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم قانون نافذ کرنےوالے اداروں کو انتہائی مطلوب ،سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر تھی۔
اعلامیے کے مطابق دہشتگرد متعدد کارروائیوں ،کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق کی شہادت کا بھی ذمہ دار تھا،شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 بہادر بیٹے سپاہی ادریس، سپاہی بدام گل ،سب انسپکٹر تاجمیر شاہ اور خیبرپختونخوا پولیس کے سب انسپکٹر اکرم نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہاسکیورٹی فورسز ملک بھر میں امن و استحکام یقینی بنانے کےلئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
پشاور: مطلوب کمانڈر سمیت 3 دہشتگرد جہنم واصل،پولیس افسروں سمیت4جوان شہید


















