کڑوے فیصلے اور اصلاحات کرنا ہوں گی،سستی نہیں کام،وزیراعظم کی کابینہ کو تنبیہ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سستی نہیں کام،وزیراعظم نے کابینہ کو تنبیہ کردی،شہبازشریف نے محرم الحرام میں امن و امان کےلئے صوبوں کےساتھ مربوط رابطہ برقراررکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سکیورٹی معاملات میں تعاون سے قومی اتحاد ، یکجہتی کو تقویت ملے گی، معاشی اہداف کے حصول کےلئے شفافیت و خود احتسابی کی ضرورت ہے، معاشی سمت درست کرنے کےلئے کڑوے فیصلے اور اصلاحات کرنا ہوں گی،ڈاﺅن ،رائٹ سائزنگ کے کام میں سستی و تاخیری حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے، پی ڈبلیو ڈی کوختم کرنے سے انکار کسی صورت قبول نہیں،چین کےساتھ تعاون کو فروغ پر تیزی سے پیشرفت یقینی بنانا ہو گی، روسی صدر کےساتھ ملاقات میں تجارتی و سرمایہ کاری روابط کے فروغ پر جامع گفتگو ہوئی، ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی،ملک بھر میں تیل سے چلنے والے 10 لاکھ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیاجائےگا، تمام وزارتوں کو کارکردگی بہتر بنانا ہو گی،ان خیالات کا اظہارانہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا گزشتہ روز خیبرپختونخوا ،وزیرستان میں شہادتیں ہوئیں،کراچی میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی کو بھی شہید کردیاگیا،بلندی درجات کےلئے دعاگو ہیں ،شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں،محرم الحرام کے دوران وزارت داخلہ ، صوبوں و دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطہ ہونا چاہیے، صوبوں کو وفاق کی طرف سے درکار تعاون فوری فراہم کیا جا نا چاہیے،آزاد کشمیر ،گلگت بلتستان کی حکومتوں کےساتھ بھی قریبی رابطہ رکھا جائے، سکیورٹی معاملات میں تعاون سے قومی یکجہتی ،اتحاد کو تقویت ملے گی۔
شہبازشریف نے کہاتاجکستان کا دورہ کیا پھر شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی، مختلف ممالک کے سربراہوں کےساتھ ملاقاتیں مفید رہیں، روسی صدر پیوٹن کےساتھ تجارتی و سرمایہ کاری روابط کے فروغ کےلئے جامع گفتگوہوئی ،عملدرآمد کےلئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی، دورہ چین کے بعد اہم شعبوں میں مزید تعاون کےلئے بریفنگ لی، تمام وزارتوں کو چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کےلئے بھرپور تیار ی و اقدامات کرنے چاہئیں۔
وزیر اعظم نے کہا ملک اور پاکستان کے وسائل کا معاملہ ہے،ملک کو آگے لےکر جانا ہے، چین کےساتھ تعاون کے فروغ پر تیزی سے پیشرفت یقینی بنانا ہو گی،بلوچستان میں 28ہزار ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرینگے، خزانہ، پاور ڈویژن ،وزارت قانون کے حکام اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے معاملے پربہت کام کیا ،وزیر اعلیٰ بلوچستان کا مسائل کے حل کےلئے سنجیدگی کامظاہرہ قابل تعریف ہے،ٹیوب ویلوں کےلئے وفاق کی جانب سے دیئے جانے والے 80 ارب ضائع ہو رہے تھے،بہت بڑا مرحلہ طے کیا،شہبازشریف نے کہاملک میں 10لاکھ ٹیوب ویل تیل پر چل رہے ،سالانہ ساڑھے 3ارب ڈالر کا تیل درآمد کرتے ہیں،ملک بھر میں تیل سے چلنے والے 10 لاکھ ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیاجائےگا، مقصد کیلئے بزنس ماڈل بنانے ،صوبوں کےساتھ قریبی رابطے کی ضرورت ہے، بلوچستان میں 28 ہزار ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی اہم اقدام ہے،ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ،کسانوں کو سستی بجلی ملے گی،ٹرانسمیشن لائنزکو بہتر بنانا اور بجلی چوری پر قابو پانے کی ضرورت ہے، شمسی توانائی سے پیداہونےوالی سستی بجلی کافائدہ زراعت ،کاشتکار ہو گا ،زرعی شعبہ تیزی سے ترقی کرے گا۔
وزیراعظم نے کہاپاکستان میں معدنیات کے بے پناہ ذخائر موجود ہیں ،استفادہ کرناہوگا، وقت تیزی کےساتھ گزر رہا ،معاشی بہتری کےلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے،ڈاﺅن ،رائٹ سائزنگ پر کام ہو رہا ہے، کسی وزارت نے بھی سستی کامظاہرہ یا تاخیری حربے استعمال کئے توبرداشت نہیں کیاجائےگا،کسی وزارت کے ذیلی ادارے کی اگر افادیت پرکوئی جائز عذر ہے تو الگ بات ہے لیکن اپنے فائدے کےلئے کسی محکمے کے دفاع کو قبول نہیں کیاجائےگا۔
شہباز شریف نے کہاپاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے پاس 10 سے 12 بحری جہاز ہیں لیکن تنخواہیں 500 ارب ہیں ،5 ارب ڈالر ملک سالانہ بحری جہازوں کے کرائے کی مد میں اداکرتاہے، کراچی بندر گاہ پر ہونے والے کرپشن کو روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، کراچی بندر گاہ میں 1200 ارب کی چوری ہو رہی ہے، پیسہ ترقیاتی منصوبوں داسو اور دیامر بھاشا ڈیم منصوبوں پر خرچ ہو سکتا ہے، کرپشن کا سد باب کرکے وسائل عوام کی بہبود پر خرچ کریں گے، بنگلہ دیش ،ہندوستان کے پاس کئی گنا زیادہ بحری جہاز ہیں، معاشی اہداف کے حصول کےلئے شفافیت ،خود احتسابی کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا ریئل سٹیٹ شعبے پر ٹیکسز سے 100 ارب کے حصول کی توقع ہے،نہیں ہوسکتا صرف تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس لگا دیاجائے اور دیگر ایسے شعبوں کو چھوڑ دیں جو ٹیکس دینے کی استعداد رکھتے ہیں،کڑوے فیصلے ،ڈھانچہ جاتی اصلاحات کرنا ہوں گی، توقع ہے آئی ایم ایف کا ممکنہ پروگرام پاکستان کا آخری پروگرام ہوگا،آئی ایم ایف سے نجات کا ہدف صرف باتوں سے حاصل نہیں ہوگا، نجات کے ہدف کا حصول قربانی و ایثارسے ممکن ہے، کرپشن کے خاتمے و دیگر موثر انتظامی اقدامات کے ذریعے ملکی وسائل میں اضافہ کیا جائے گا۔
شہبازشریف نے کہاغریب ،نادار طبقے کی مشکلات کا بخوبی ادراک ہے، ریلیف کی فراہمی کےلئے وفاق نے ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب کا انتظام کیا،3ماہ کےلئے بجلی صارفین کو ریلیف دیاجائے گا لیکن اضافی مالی وسائل کا انتظام کرنا ہو گا،دن رات ایک کر کے معاشی اقدامات کو نتیجہ خیز بنانا ہے،ملک میں بجلی فاضل ہے لیکن لوڈ شیڈنگ چوری والے علاقوں میں ہوتی ہے،اخراجات میں کمی کےلئے ڈاﺅن ،رائٹ سائزنگ کی خود نگرانی کررہا ہوں، پی ڈبلیو ڈی کی بندش کے فیصلے پر عمل درآمد میں تاخیر کو برداشت نہیں کیاجائےگا،دئیے گئے 2ہفتے مکمل ہوگئے،متبادل سسٹم کا بھی انتظام کر لیا ،کفایت شعاری کو اپنانا ہوگا، قوم نتائج چاہتی ہے ، وزیر تجارت برآمدات کو 60 ارب ڈالر تک لے جانے کےلئے پلان تیار کرے،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کےلئے معاشی چیلنجزپر قابو پاتے ہوئے آگے بڑھنا ہے، تمام وزارتوں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہو گی،وقت برباد کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ،دن رات کام کرکے سب نے اہداف پورے کرنے ہیں،ملکی مسائل حل کرنے کیلئے کمر کس لیں۔
دریں اثنا وفاقی کابینہ نے وزارت ہاﺅسنگ اینڈ ورکس کی سفارش پر پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کوختم کرنے کے لائحہ عمل کی منظوری دےدی ،کابینہ کو بتایا گیا انفارمیشن ٹیکنالوجی، امور کشمیر و گلگت بلتستان، ریاستوں و سرحدی امور، صنعت و پیداوار و قومی صحت کی وزارتوں کے غیر ضروری ذیلی اداروں کو بند کرنے ،ضروری اداروں کی رائٹ سائزنگ کے معاملے پر بنیادی معلومات کے حصول کا عمل 12 جولائی تک مکمل ہو جائے گا، 19 جولائی سے وفاقی حکومت کی دیگر وزارتوں سے اس نوعیت کی معلومات حاصل کر کے دیگر اداروں کو بند یا ضم کرنے کی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔
منظور شدہ لائحہ عمل کے مطابق وفاقی ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کےلئے پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی بنائی جائے گی ،وفاقی حکومت کی زیر نگرانی صوبائی نوعیت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو متعلقہ صوبائی اداروں کے حوالے کیا جائے گا،پاک پی ڈبلیو ڈی کو تفویض شدہ دیکھ بھال و مرمت کے کاموں کو جاری رکھنے کےلئے ایسیٹ اینڈ فیسیلیٹی مینجمنٹ کمپنی کا قیام عمل میں لایا جائے گا،عملے کی درجہ بندی کے بعد متعلقہ وزارتوں میں منتقلی کی جائے گی ،گولڈن ہینڈ شیک سکیم عمل میں لائی جائے گی، ملک میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی تمام املاک کے ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کی جائے گی، کابینہ نے ہدایت کی ٹرانزیشن کا عمل 2ہفتوں کے اندر اندر مکمل کیا جائے۔
مزید برآں قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا گندم کی برآمد کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پی ٹی آئی کے دور میں پہلے گندم ،چینی برآمد کی گئی اور بعد میں گندم ،چینی درآمد کی گئی، اربوں کھربوں روپے کہاں گئے،سب تاریخ کا حصہ ہے۔
قائد حزب اختلاف عمر ایوب کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے سپیکر سردار ایاز صادق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا بطور سپیکر آپ کی آئینی ذمہ داری ہے اور آپ کی سخاوت بھی ہے لیڈر آف اپوزیشن کو بولنے کا موقع دیتے ہیں حالانکہ سابق سپیکر اسد قیصر جب سپیکر تھے تو قائد حزب اختلاف کو بات ہی نہیں کرنے دیتے تھے سب ریکارڈ کا حصہ ہے۔


















