پاکستان کرکٹ بورڈ نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹی سے نکال دیا

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ناقص کارکردگی پر ٹیم منتخب کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹی سے نکال دیا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں وہاب ریاض اور عبدالرزاق کی قومی سلیکشن کمیٹی سے الگ کرنے کی تصدیق کردی گئی۔ کرکٹ بورڈ کی جانب سے مختصر اعلامیہ میں کہا گیا ’پی سی بی کو وہاب ریاض اور عبدالرزاق کی مزید خدمات درکار نہیں ہیں، عبدالرزاق قومی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے جبکہ وہاب ریاض مینز ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے۔ پی سی بی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس بعد میں فراہم کی جائیں گی۔واضح رہے اسد شفیق اور محمد یوسف کو سلیکشن کمیٹی میں برقرار رکھا گیا ہے۔