دہشت گردی کے خاتمے تک اس کیخلاف جنگ جاری رکھیں گے: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی اسد اللہ، سپاہی محمد صفیان اور این سی بی زین علی کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہدا کی مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے جرات و بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے وطن عزیز کو دہشت گردی کی عفریت سے پاک کرنے کیلئے جام شہادت نوش کیا، مجھ سمیت پوری قوم ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردی کی عفریت سے پاک کرنے کیلئے پوری قوم متحد ہو کر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔