اسلام آباد:(بیورورپورٹ) الیکشن کمیشن کو ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ ججوں کو بطور ٹربیونل تعینات کرنے کااختیارمل گیا،سینٹ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کرلیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 سینٹ میں پیش کیا،پی ٹی آئی سینیٹرز نے شدید احتجا ج کیا،ایوان نے کثرت رائے سے بل کی منظوری دےدی،اپوزیشن کے شور شرابے پر چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ایوان کو قومی اسمبلی نہ بنائیں اگر رویہ تبدیل نہ ہوا تو ایکشن لوں گا،منظور ہونے والے ترمیمی بل کے تحت الیکشن کمیشن ریٹائرڈ ہائیکورٹ کے ججوں کو بطور ٹربیونل تعینات کرسکے گا، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 140 میں ترمیم کردی گئی۔
قبل ازیںقائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہاوزیر قانون کا رویہ آمرانہ ہے،کسی کی بات نہیں سنتے،الیکشن ایکٹ 2017 میں اتفاق رائے سے بنایا گیا، اگست 2023 میں الیکشن ٹربیونلز میں حاضر سروس ججز لگانے کی منظوری دی گئی اس طرح کی قانون سازی کی کوئی اخلاقی جرات نہیں ہوتی۔
شبلی فراز نے کہا رجیم چینج کے بعد پی ٹی آئی پر ظلم کے پہاڑ توڑے گئے،انتخابی نشان ،کاغذات نامزدگی چھینے گئے،مضحکہ خیز نشانات کے باوجودعوام نے ووٹ دیا، گنتی کے بعد جیت گئے، پھرجھرلو پھیر کر آدھی سیٹیں چھین لی گئیں، پنجاب میں سب سے زیادہ سیٹیں ہیں، الیکشن ٹریبونلز کی باری آئی تو مینج کیا جارہا ہے،حکومت نہیں چاہتی ہے انتخابات کی اصلیت سامنے آئے،وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے شبلی فراز کو جواب دیتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نے جس دن 53 قوانین ایک گھنٹے میں پاس کرائے تو کیا بہت اچھی قانون سازی تھی،الیکشن ٹربیونلز کے کام کو تیز کرنے کےلئے ترمیم لائے۔
الیکشن کمیشن کوریٹائرڈ ججوں کو بطور ٹربیونل تعینات کرنے کااختیار،بل منظور
















