لاپتہ افراد کیسز،وزارت دفاع ، داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی پر جرمانے بحال

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیلیں مسترد ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر وزارت دفاع ، داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پر جرمانے بحال کردئیے۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل بنچ نے لاپتہ آئی ٹی ایکسپرٹ ساجد محمود ، عمر عبد اللہ ، مدثر نارو و دیگر کی بازیابی کیس پرسماعت کی،چیف جسٹس عامر فاروق نے پوچھا جی ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب کوئی خوشخبری ہے، لاپتہ افراد آگئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاتاحال پیشرفت نہیں ہوئی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کئی کئی سال گزر گئے ، کہاں ہیں لاپتہ افراد، ہر بار آپ آکر کہہ جاتے ہیں پروگریس ہو رہی ہے، کتنا وقت دیں ،ہر بار وقت مانگ لیتے ہیں،کیا کریں پھر جو جرمانہ عائد ہوا ڈبل کردیتے ہیں، کیا کریں پھر وزیر اعظم کو بلا لیں؟ کئی سالوں سے کیسز زیر سماعت ہیں ،لاپتہ افراد بازیاب ہوئے نہ کوئی پیش رفت ہوئی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کوئی پروگریس تو بتائیں نہ ہوا کیا ہے، آپ کیا کر رہے ہیں،ایک کام کرتے ہیں سپریم کورٹ کو بھیج دیتے ہیں، آپ ایک کام کریں جو کام آپ نے ہمارے ساتھ کیا مہربانی کرکے سپریم کورٹ کےساتھ کریں۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کے کیسز میں وفاقی حکومت کی انٹرا کورٹ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے وزارت دفاع ،داخلہ ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پر جرمانے بحال کردئیے۔

دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے جبری گمشدہ افراد کمیشن کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھا دیا،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا حکومت جبری گمشدہ افراد کمیشن کیلئے کیا کرنا چاہتی ہے جو کسی کام کا نہیں؟ کیا کمیشن کے چیئرمین اور ممبرز کو تنخواہیں بھی ملتی ہیں؟ کیا جبری گمشدہ افراد کمیشن قومی خزانے پر بوجھ نہیں ؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال نے کہا اس حوالے سے تو کمیشن نے بتانا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کمیشن کیا بتائے گا، آپ حکومت ہیں آپ نے بتانا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کمیشن نے ساڑھے 10ہزار میں سے ساڑھے سا7ہزار کیسز نمٹائے،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا اعداد و شمار لے جا کر ڈی چوک پر لگا دیں ،بس اعداد و شمار ہی ہیں۔

علاوہ ازیں20 سال سے لاپتہ ایبٹ آباد کے شہری عتیق الرحمن کی بازیابی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، عدالت نے ریمارکس دئیے لوگ لاپتہ ہو رہے ہیں، کون پاکستان آئے گا؟،میں حکومت کی پوزیشن دیکھنا چاہتا ہوں کیا یہ ہے جنہیں اٹھاتے ہیں، اٹھائیں گے اور کیا حکومت کی یہ پوزیشن ہے جو مر جاتا ہے تو مرتا رہے جو زندہ ہے وہ زندہ رہے ہم یہ کرتے رہیں گے،آپ امید کر رہے ہیں ڈالر 280 سے نیچے آئے گا وہ کیوں آئے گا جب یہاں یہ ہو رہا ہے،بعد ازاں عدالت نے لاپتہ افراد کیس میں معاونت کےلئے اٹارنی جنرل کو طلب کر لیا۔