جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر، جسٹس شفیع صدیقی چیف جسٹس سندھ بن گئے
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خاتون جج چیف جسٹس کے عہدے پر فائز ہوں گی،ججز تعیناتی کمیشن نے جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تقرری کی منظوری دےدی،چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سندھ ہائی کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز کی تعیناتی کےلئے جوڈیشل کمیشن اجلاس سپریم کورٹ میں ہوا،اجلاس میں سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےلئے جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس صلاح الدین پنہور کے ناموں پر غور کیا گیا،لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کےلئے جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم کے نام زیر غور آئے،ذرائع کے مطابق جسٹس عالیہ نیلم کی چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تقرری کی سفارش متفقہ طور پر کردی گئی، جسٹس عالیہ نیلم کو پہلی خاتون چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا، جسٹس عالیہ ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر تھیں جبکہ جوڈیشل کمیشن نے جسٹس شفیع صدیقی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نامزدگی کی منظوری دے دی۔


















