اقتدار کیلئے غیرجمہوری ہتھکنڈے اختیار کرنا پی ٹی آئی کی پہچان ہے: بلاول بھٹو

کراچی (بیورو رپورٹ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا خیبرپختونخوا میں صحافیوں پر مظالم کیخلاف پیپلزپارٹی صحافیوں کےساتھ ہے، اقتدار کےلئے ہمیشہ غیر جمہوری ہتھکنڈے اختیار کرنا اور سازشیں کرنا پی ٹی آئی کی پہچان ہے، اقتدار کی خاطر گرنے کےلئے پی ٹی آئی کی کوئی حد نہیں،بلاول بھٹو نے کہا پیپلزپارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے، کسی کو صحافت کو دبانے کی اجازت نہیں دیں گے، خیبرپختونخوا میں صحافیوں کے تحفظ اور صحافت کی آزادی کےلئے متعلقہ ادارے اور پارلیمان اپنا کردار ادا کریں، خیبر پختونخوا میں آزادی صحافت کےلئے تنگ ہوتی زمین پر اظہار تشویش ہے، صحافیوں کےخلاف پرتشدد واقعات میں اضافہ ناقابل برداشت ہے، متاثرہ صحافی اپنے خلاف ہونے والے مظالم کا ذمہ دار خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اور حکمران جماعت کو قرار دے رہے ہیں،چیئرمین پی پی نے مزید کہا صحافیوں پر مظالم کے ذریعے صحافت کو دبانا فسطائیت پسند گروہوں کا وطیرہ ہوتا ہے، پی ٹی آئی آزاد صحافت سے خوفزدہ اور عوام سے مایوس ہے۔