ایک وقوعہ کی دوسری ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد :(بیورورپورٹ) ایک وقوعہ کی متعلقہ پولیس سٹیشن کے علاوہ دوسری ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کےخلاف کیماڑی کراچی و دیگر مقدمات کی درخواستوں پر تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 41 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا طے شدہ اصول ہے ایک ہی جرم میں ایک سے زائد بار کسی کو پراسیکیوٹ نہیں کیا جا سکتا ، آئینی عدالتوں کی ذمہ داری ہے شہریوں کے حقوق کا تحفظ کریں۔

فیصلے میں کہا گیا شیخ رشید کے کیس میں وقوعہ اسلام آباد پولی کلینک کا تھا اس لئے عدالتی دائرہ اختیار ہے ، شیخ رشید کےخلاف پولیس سٹیشن موجکو کیماڑی کراچی کا مقدمہ خارج کیا جاتا ہے ، افسوس کےساتھ کہنا پڑتا ہے سیاسی جماعتیں حکومت میں ہوتے سیاسی مخالفین پر بلا مقصد (frivolous ) کیسز بناتی ہیں۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا سپریم کورٹ صغریٰ کیس کے مطابق ایک ہی وقوعے کے مختلف مقامات درج نہیں ہو سکتے ۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر داخلہ نے مری کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آبپارہ پولیس نے میرے گھر پر ڈاکہ مارا، ایس ایچ او آبپارہ نے گھر سے گھڑیاں، نقدی اور جوتوں کے نئے جوڑے بھی لے لیے ، پولیس نے کہا تھا واپس کر دیں گے لیکن نہیں ملیں،مری میں مجھے شفٹ کیا گیا تھا جس ڈی ایس پی نے مجھے گدا اور رضائی دی اسے تبدیل کر دیا گیا، ظلم کی انتہا ہے، انصاف سسکیاں لے رہا ہے، انصاف دم توڑ چکا ہے، انصاف تک رسائی نہیں رہی، غریب آدمی کےلئے جینا دوبھر ہو گیا ۔