آئین میں کوئی نقص نہیں مسئلہ قوانین پر عملدرآمد کا ہے،چیف جسٹس

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے آئین میں کوئی نقص نہیں مسئلہ قوانین پر عملدرآمد کا ہے، انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔

اسلام آباد میں’ ’انصاف کی رسائی سب کےلئے“ کے عنوان سے منعقدہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا خواتین کی ہرشعبے میں نمائندگی ضروری ہے، خواتین کو حقوق آئین نے دیئے ، ہر شعبے میں خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے نئے قوانین بھی لائے جا سکتے ہیں،اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر آنے والی خواتین کی کارکردگی مردوں سے بہتر ہوتی ہے، خواتین صرف مخصوص نشستوں پر نہیں براہ راست منتخب ہو کر بھی آسکتی ہیں۔

جسٹس قاضی فائز نے کہاملازمت کے مقامات پر آئین خواتین کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، آئین کے آرٹیکل 25 کومد نظر رکھتے ہوئے خواتین کےلئے اقدام اٹھانے چاہئیں، ہمارے ملک میں خواتین کو وارثت کا حق نہ ملنا ایک اہم مسئلہ ہے، اسلام نے وراثت میں خواتین کا حصہ بالکل واضح کردیا ہے، ہمارے ہاں خواتین کو مسماة بلایا جاتا ہے، اسلام میں زنا ثابت کرنے کیلئے 4 گواہوں کی شرط لازم ہے، چارگواہوں کی شرط پوری کیے بغیر ہی عورت کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا جاتا ہے،غیرت کے نام پر قتل کی اصطلاح غلط استعمال کی جاتی ہے،اسلام میں کسی کے نام کو بگاڑنے سے بھی منع کرنے کے احکامات ہیں

چیف جسٹس نے کہا قرآن میں خواتین پر الزام لگانے یا بے حرمتی کرنے پر80 کوڑوں کی سزا ہے، پاکستانی قانون کے سیکشن 496 کے تحت بھی سزا ہے، میں نے خواتین میں کبھی یہ سزا نہیں دیکھی، اس کے برعکس خواتین کو سزا ملتے دیکھا ہے،فاطمہ جناح ہر محاذپر اپنے بھائی کےساتھ موجود تھیں، خواتین کو جائیداد کے حق سے محروم رکھنا اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی ہے،والدکی وفات پربیٹاکہتا ہے مجھے والد جائیداد تحفے میں دے کر گئے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس منصورعلی شاہ نے کہا عدلیہ میں بنائی جانے والی پالیسیوں میں خواتین کی شمولیت ہونی چاہیے، صرف مرد حضرات کا پالیسی بنانا ناانصافی ہوگی، آرٹیکل 34کہتا ہے خواتین تمام معاملات میں مکمل حصہ لیں،50فیصد خواتین کی آبادی والے ملک میں صرف 16 فیصد خواتین عدلیہ میں خدمات انجام دے رہی ہیں، عدلیہ میں آنے والی خواتین کی ترجیحی بنیاد پرحوصلہ افزائی کرنا ہوگی، عدلیہ میں عالمی بینچ مارک کودیکھتے ہوئے ججز کی کمی ہے،پروموشنز کےلئے میرٹ کو معیار بنانا ہوگا، ججز کی بھی اپنی ایک ایسوسی ایشن ہونی چاہیے،یہ عین جمہوری ہے، ایسوسی ایشن بنا کرہم عدلیہ کودرپیش بہت سے مسائل حل کرسکتے ہیں۔