چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریاں، قذافی سٹیڈیم کی مرکزی بلڈنگ گرا دی گئی

لاہور (مشرق نیوز) قذافی سٹیڈیم کی مرکزی بلڈنگ گرانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے سلسلے میں قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور کی گرائی گئی مرکزی بلڈنگ کا ملبہ تیزی سے اٹھائے جانے کا کام جاری ہے، اگلے چند روز میں ملبہ مکمل طور پر اٹھا لیا جائیگا۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنے کا ہدف ہے، ان دنوں اسٹیڈیم میں کام ڈبل شفٹ میں جاری ہے جبکہ گراونڈ سٹاف معمول کے مطابق گراونڈ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کام میں تیزی لانے اور کوئی کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت جاری کی ہے۔منصوبے کے مطابق مین بلڈنگ کو گراونڈ کے قریب بنایا جائے گا جبکہ مین بلڈنگ کے فرنٹ پر ہوسپیٹیلیٹی باکسز بنائے جائیں گے اور عقب پر دفاتر ہوں گے۔ عمران خان اور فضل محمود انکلوژرز کے کچھ حصے پر بھی باکسز بنانے کا منصوبہ ہے، ان انکلوژرز کی گنجائش بڑھانے اور مین بلڈنگ میں انڈر گراونڈ پارکنگ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔علاوہ ازیں نیشنل سٹیڈیم کراچی اور پنڈی سٹیڈیم کی بھی اپ گریڈیشن کا منصوبہ ہے۔