وزیراعظم آفس عدلیہ میں مداخلت روکے،ہائیکورٹ،ایس او پیز جاری کردیئے

لاہور :(کورٹ رپورٹر)وزیراعظم آفس آئی ایس آئی سمیت تمام ایجنسیوں کو کسی جج سے رابطہ نہ کرنے کی ہدایت جاری کرے، لاہور ہائیکورٹ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے عدلیہ میں مداخلت روکنے کےلئے 5 نکاتی ایس او پیز جاری کردیئے۔

جسٹس شاہد کریم نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری عبوری حکم جاری کرکے حنا حفیظ کوعدالتی معاون مقرر کردیا،جاری کیے گئے ایس او پیز میں کہا گیا وزیراعظم آفس آئی ایس آئی ،آئی بی سمیت تمام سول و ملٹری ایجنسیوں کو ہدایت جاری کرے ایجنسیاں مستقبل میں اعلیٰ و ماتحت عدلیہ کے کسی جج یا عملے سے رابطہ نہ کریں،آئی جی پنجاب بھی ماتحت افسروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روکنے کی ہدایات جاری کریں،خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

عدالت نے کہااے ٹی سی عدالتوں کی سکیورٹی کیلئے اگر کوئی حفاظتی اقدامات کرنے ہیں تو متعلقہ جج سے مشاورت و اتفاق رائے کے بغیر نہیں کیے جائیں گے، اے ٹی سی کے ججز اپنے موبائل میں ہر کال کو ریکارڈ کریں ،پنجاب کی خصوصی عدالتیں 9 مئی کے تمام کیسز کا ترجیحی بنیادوں پر فیصلہ کریں۔

جسٹس شاہد کریم نے اپنے فیصلے میں کہا اے ٹی سی جج سرگودھا کے معاملے پر عدالتی عملہ تفتیش میں مکمل تعاون کرے، عدالتی عملے سے تفتیش کی ویڈیو ریکارڈ کرکے تفتیشی ہائیکورٹ کو فراہم کرے ،عملدرآمد رپورٹ 8 جولائی تک عدالت میں جمع کرائی جائے،عبوری حکم نامے میں کہا گیا عدالت نے از خود نوٹس کو رٹ پٹیشن میں تبدیل کر دیا ، عدلیہ کی آزادی کی حفاظت کےلئے ایسے معاملات میں ہدایات جاری کرنا اشد ضروری ہے۔