ساہیوال(بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہائی سٹریٹ پر پسپ کے کام میں مداخلت کرنے والے دوکانداروں کیخلاف سخت ایکشن کی ہدایت، مداخلت کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں، سڑک کی تکمیل کے کام میں مداخلت قطعاً برداشت نہیں کی جا سکتی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، پسپ پروگرام کے سٹی منیجر علی خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ سٹی منیجر علی خان نے بتایا کہ فرید ٹاون روڈ پر54انچ قطر کے سیوریج پائپ بچھانے کا کام 96فیصد مکمل ہوچکا ہے اور480میں سے459پائپ ڈالے جا چکے ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ پوری سڑک کی بحالی کے بعد ہی کالج روڈ پر سیوریج ڈالنے کا کام شروع کیا جائے تاکہ عوام کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کالج روڈ کی نئی تعمیر کردہ سڑک کے ساتھ فٹ پاتھ کی تعمیر کا کام بھی جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے سپرنٹنڈنٹ اشفاق احمد لودھی کی سربراہی میں کمرشل مارکیٹوں سے کرایہ کی وصولی کیلئے شروع کی گئی مہم کو مزید تیز کرنے اور تمام نادہندگان سے کرایہ وصول کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے محرم الحرام کے تمام عاشورہ روٹس کی صفائی اور پیچ ورک کے کام کو بھی ٹائم لائن کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
ہائی سٹریٹ کے تعمیری کام میں مداخلت برداشت نہیں: کمشنر ساہیوال
















