معاشرے میں بہتری لانے کیلئے سب کو ملکر کاوشیں کرنی چاہئیں :گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں علامہ یوسف اعوان کی قیادت میں علمائے کرام کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ اسلام میں محبت،برداشت اور رواداری پر بہت زور دیا گیا ہے اور انہی احکامات پر عمل پیرا ہوکر معاشرے کو امن اور محبت کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ علماءکرام کا قومی فریضہ ہے کہ وہ اسلام کے صحیح تشخص کو اجاگر کرنے اوربین المذاہب ہم آہنگی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ برصغیر میں علما،مشائخ اور اولیا کرام کے کردار کی وجہ سے اسلام پھیلا۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کی دین کے لئے خدمات قابلِ تعریف ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ سب کو معاشرے میں بہتری لانے کے لئے انفرادی اور اجتماعی کاوشیں کرنی چاہئیں۔ وفد کے سربراہ علامہ یوسف اعوان نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تحفظ ختم نبوت میں کردار تاریخ کا سنہرا باب ہے۔ پیر سید حسین گیلانی نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما معاشرے میں امن، برداشت اور مذہبی رواداری میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ دریں اثناءگورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی قیادت میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے ڈینز نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی عالمی درجہ بندی میں بہتری، گذشتہ سیلاب میں خدمات، صحت عامہ کے لیے نئے پروگرامز، میل نرسنگ پروگرام اور بزنس انکیوبیشن سینٹر پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ترقی کیلئے تحقیق نہایت اہم ہے اور جامعات تحقیق کا مرکز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی تعلیم اور تحقیق میں نمایاں کاکردگی دکھا رہی ہے۔گورنر پنجاب نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ضلعی سطح پر پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ پروگرام کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل کی قیادت میں فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی بہترین کام کر رہی ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ طب کے شعبے میں تحقیق اور اختراع بہت اہم ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ گائنی ڈیپارٹمنٹ میں چار نئی سب اسپیشیلٹیز سمیت مختلف شعبوں میں نئے پوسٹ گریجوئیٹ اسپیشیلٹیز کا آغاز جلد ہو نے جا رہا ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کو ہسٹری بک اور یونیورسٹی کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور کانووکیشن پر مدعو بھی کیا۔پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی قومی اور بین الاقوامی شراکت بالخصوص 2022 کی سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں،فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی حالیہ رینکنگ ، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی کامیابیوں، بہترین یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ ,سول ایوارڈ2023، ، میل نرسنگ پروگرام، بزنس انکیوبیشن سینٹر ،کرونا وبا میں نمایاں خدمات اور ٹیلی میڈیسن میں مثالی خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفد میں پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کامران خالد، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ملک، پروفیسر ڈاکٹر نورین اکمل، پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید، پروفیسر ڈاکٹر عالیہ زاہد،پروفیسر ڈاکٹر محمد ندیم، پروفیسر ڈاکٹر نوید اکبر ہوتیانہ اور پروفیسر ڈاکٹر تسکین زہرہ شامل تھے ۔