سانحہ سوات انتہائی گھناونا فعل،ملزموں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے:چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر علامہ راغب نعیمی نے سوات واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی گھناونا فعل قرار دےدیا،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر علامہ راغب نعیمی نے کہا کسی بھی فرد یا گروہ کو شرعی، قانونی اور اخلاقی طور پر کسی بھی شخص کو سزا دینے کی اجازت نہیں ہے، بہت سے معاملات میں عدالتیں کیسز کو صحیح طور پر منطقی انجام تک نہیں پہنچاتی جس سے لوگوں میں یہ بات پنپ رہی ہے کہ اس طرح کے فیصلے ہم نے خود کرنے ہیں لیکن سوات، سرگودھا، جڑانوالہ، سیالکوٹ میں ہونے والا یہ عمل کسی طرح شرعی نہیں اور نہ ہی قانون اس کی اجازت دیتا ہے، سوات معاملے میں فارنزک اور موبائل لوکیشن سے ملزمان کا تعین کیا جائے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا شرعی طور پر کسی کو جلا کر مار دینے کی بہت بڑی سزا ہے، سوات کے علاقے مدین میں پیش آنے والے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔